ممکنہ مون سون بارشیں، پشاور میں نالوں کی صفائی شروع

    ممکنہ مون سون بارشیں، پشاور میں نالوں کی صفائی شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں نکاسی آب نالوں کی صفائی شروع کر دی اس مقصد کے لئے چاروں زونز میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں نالوں کی معمول کی صفائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کے احکامات جاری کئے تھے جنرل منیجر آپریشنز ریاض احمد خان صفائی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب یقینی بنانے کے لئے صفائی کا عمل عید الاضحی سے پہلے شروع کیا گیا تھا جسے عیدالاضحی صفائی آپریشن کے باعث تین دنوں کے لئے روکا گیا تھا اب دوبارہ صفائی شروع کی گئی ہے۔ صفائی عمل کے دوران ان علاقوں کے نالوں کی صفائی کو ترجیح دی جارہی ہے جہاں بارش کے دوران سڑکوں اور گلی محلوں میں ممکنہ طور پانی امڈ آنے کا خدشہ ہے۔ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کر رہی ہیں نالوں سے پتھر، ریت، پلاسٹک تھیلے نکالنے سمیت دیگر رکاؤٹیں دور کی جارہی ہیں،بڑے نالوں کی صفائی کے لئے مشینری استعمال کی جارہی ہے۔ ہر علاقے میں نالوں کی صفائی کے لئے شیڈول مرتب کیا گیا ہے زونل دفاتر کو نالوں کی صفائی جلد از جلد مکمل کرنے اور بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔