ریلی پر حملہ بھارتی ایجنٹوں کی کارستانی ہے،محمد حسین محنتی 

ریلی پر حملہ بھارتی ایجنٹوں کی کارستانی ہے،محمد حسین محنتی 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کراچی میں جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر کریکر حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی اور ناظم علاقہ قائد آباد رفیق تنولی کی شہادت پر گھرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ریلی پر حملہ ملک دشمن عناصر اور بھارتی ایجنٹوں کی کارستانی ہے، کراچی میں ریلی پر حملے کے ذریعے ہمیں کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت اور انکے حق میں بولنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، شہادتیں اور قربانیاں ہماری روایت بن چکی ہیں، اس سے پہلے کراچی میں خدائی کے دعویدار وں کی جانب سے جماعت اسلامی کے کارکنان پر ستم کے پہاڑ توڑے گئے لیکن جماعت اسلامی آج بھی نئے جوش اور ولولے کے ساتھ میدان میں موجود ہے جبکہ وہ طاقتیں آج تاریخ میں گم ہوچکی ہیں، انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ کشمیری عوام پر گذشتہ 73سالوں سے جاری مظالم میں گذشہ اگست سے ایک نیا موڑ آیا جب بھارتی فاشسٹ بے جے پی حکومت نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے بھارت میں ضم کرنے کا اعلان کیا، آج کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن کو ایک سال مکمل ہوچکا جبکہ اس دوران 214نہتے کشمیریوں کو بھارتی انتہاپسند فوج نے شہید کردیا، دس ہزار سے زائد افراد پلیٹ گنز سے زخمی ہوچکے ہیں لیکن بھارتی فوج کی درندگی اور انسان دشمنی کو کوئی روکنے والا نہیں ہے، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں، سپرپاور قوتیں اور اقوام متحدہ سمیت مسلم امہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے جس سے نریندر مودی کے حوصلے مزید بڑھ چکے ہیں 

مزید :

صفحہ اول -