اشتیاق بیگ کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ویب نار کا انعقاد

  اشتیاق بیگ کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ویب نار کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی (اسٹاف رپورٹر)معروف صنعتکار اشتیاق بیگ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور زیادتیوں کی پہلی برسی کے موقع پر گزشتہ روز ”یوم استحصال کشمیر“ کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر ویب نار کا انعقاد کیا۔ ویب نار سے حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک، ترکی کے قونصل جنرل ٹولگا یوک، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار جنرل (ر) عبدالقیوم، انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹیڈیز کے جنرل (ر) ہارون اسلم، ایف پی سی سی آئی کے صدر انجم نثار، ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر اور یمن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، کینیڈا میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر طارق عظیم، جسٹس (ر) آغا رفیق، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر یاسین آزاد،معروف شوبز شخصیت زیبا بختیار، صدر کراچی بار ایسوسی ایشن منیر احمد ملک، ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے سی ای او حیدر شاہ، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور معروف کالم نگار اشتیاق بیگ اور دیگر مقررین نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مشعال ملک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء سے جاری مکمل لاک ڈاؤن میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے کشمیریوں کی حالت زار اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر مواصلاتی بلیک آؤٹ اور کرفیو کی وجہ سے "اوپن ایئر جیل" بن گیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے عملی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 5 اگست کو ”یوم استحصال کشمیر“ کے موقع پر بھارتی تسلط کو مکمل طور پر مسترد کریں اور اس عزم کا اظہار کریں کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ مشعال ملک نے اس امید کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ ذمہ دار ادارہ ہونے کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی مدد کیلئے آگے آئے اور اور مقبوضہ وادی میں جاری ریاستی دہشت گردی روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ اس موقع پر ویب نار کے میزبان اور مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی بینائی تو چھین سکتا ہے لیکن ان کے آزادی کے خواب نہیں چھین سکتا جو انشاء اللہ بہت جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر انجم نثار اور ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مکمل حمایت کا وعدہ کیا اور اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اور قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی سے درخواست کی کہ وہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کرے۔ اس موقع پر ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے سی ای او حیدر شاہ نے ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے پیٹرن انچیف لارڈ نذیر اور چیئرمین پرویز لوسر کا پیغام بھی پہنچایا جو ”یوم استحصال کشمیر“ کی یورپ میں ریلی میں شرکت کررہے تھے اور کشمیریوں کی جدوجہد میں اپنی حمایت کا بھرپور یقین دلایا۔

مزید :

صفحہ اول -