بھارتی عزام سے خطے کا امن داؤپر لگ چکا ہے محمود مولوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر اور مشیر برائے وزارت ساحلی امور محمود مولوی نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر کے مسلمانوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔نریندر مودی کے توسیع پسندانہ عزائم کے باعث خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ یوم استحصال کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمود مولوی نے کہا کہ وادی کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر گذشتہ 70 سالوں سے بھارتی مظالم جاری ہیں لیکن 5 اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے مسلسل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں اپنی فوج کی طاقت کے زور پر ظلم اور بربریت ڈھارہاہے۔ محمود مولوی نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیاں اور توسیع پسندانہ عزام سے خطے کا امن داؤ پر لگ چکا ہے، ایک سال سے کشمیر میں بھارتی فورسز نے سخت محاصرہ کررکھا ہے اور لوگوں کو آزادانہ نقل وحرکت کے علاوہ علاج معالجے کی سہولت بھی نہیں دی جارہی اس کے باوجود کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی کے جذبے پر قائم ہیں۔مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔پوری پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے