عجائب گھروں میں جعلی نوادرات، اے این پی نے یونیسکو کو خط لکھ دیا 

عجائب گھروں میں جعلی نوادرات، اے این پی نے یونیسکو کو خط لکھ دیا 

  

 پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر کے عجائب گھروں سے گندھارا تہذیب کے قیمتی نوادرات بارے یونیسکو کو خط لکھ دیا جس میں درخواست کی گئی ہے کہ اپنے ماہرین کی ٹیم بھیج کر تحقیقات کرائیں کیونکہ اطلاعات یہی ہیں کہ یہاں سے جو نوادرات ہٹائے گئے ہیں انکی جگہ جعلی نوادرات رکھے گئے ہیں۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور اور صوبائی انفارمیشن کمیٹی کے دیگر اراکین رحمت علی خان، تیمور باز خان، صلاح الدین مومند اور حامد طوفان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر آرکیالوجی اس وقت ملزم ہیں جن کے خلاف دو ریفرنسز میں انکوائریاں چل رہی ہیں لیکن وہ ابھی بھی کرسی پر براجمان ہیں۔ثمرہارون بلور کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالصمد پر اربوں روپے کے کرپشن کا بھی الزام ہے، ڈائریکٹر آرکیالوجی عبدالصمد نے خود اپنے لئے یہ عہدہ بنایا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی صلاح الدین مومند کا کہنا تھا کہ دو معاونین خصوصی استعفے دے چکے ہیں لیکن ان پر لگے الزامات کا جواب کون دے گا؟ اب شوکت خانم کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان کو معاون خصوصی مقرر کردیا گیا ہے۔ کپتان اپنے دوستوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بی آر ٹی بارے گفتگو کرتے ہوئے رکن انفارمیشن کمیٹی حامد طوفان کا کہنا تھا کہ چھ مہینوں میں مکمل ہونیوالا پی ٹی آئی کا واحد میگا منصوبہ بی آر ٹی آج دو سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی مکمل نہیں۔ جس وقت قرضہ لیا گیا اس وقت ڈالر 105روپے کا تھا، آج 165روپے تک پہنچ گیا ہے لیکن حکومت عوام کو بتانے سے قاصر ہے کہ یہ قرضہ کتنا تھا اور کتنا اضافہ ہوچکا ہے۔ لاگت بارے بھی حکومت جھوٹ پہ جھوٹ بولتی جارہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پشاور بی آر ٹی دنیا کی مہنگی ترین بی آر ٹی ہے جس پر فی کلومیٹر 3.67ارب روپے کی لاگت آرہی ہے جو شاید تکمیل کے مرحلے تک مزید بڑھے گی۔ رکن کمیٹی تیمورباز خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے نئے پاکستان میڈیکل کمیشن آرڈیننس بارے کہا کہ اے این پی اس قانون کو مسترد کرتی ہے کیونکہ عمران خان کے کزن نوشیروان برکی اس قانون کے ذریعے نجی میڈیکل تعلیمی اداروں کو نوازنا چاہتے ہیں۔ پی ایم ڈی سی کو ختم کرکے نیا قانون لایا گیا جسے اسلام آباد ہائیکورٹ مارچ میں مسترد کرچکی ہے۔اس قانون کے ذریعے اپنے طبی تعلیمی اداروں کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نان ڈاکٹرز کو اس کمیشن کا حصہ بنا کر پورے نظام کو لپیٹنے کی سازش کی جارہی ہے۔ حکومت فوری طور پر اس قانون کو ختم کرکے پی ایم ڈی سی کی بحالی میں رکاوٹ نہ بنے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہر طرف اپنے لوگوں کو نواز رہی ہے اور پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ کو حکومتی ڈیجیٹل ونگ کا سربراہ مقرر کردیا ہے جس کی کم از کم تنخواہ 3لاکھ مقرر کردی گئی ہے۔ پی ٹی آئی عوام کا پیسہ اپنے دوستوں میں بانٹ رہی ہے۔رکن کمیٹی رحمت علی خان نے ملک بھر اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جولائی میں ہول سیل مارکیٹ میں قیمتوں میں کم از کم 3.2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عید سے ایک روز پہلے اضافہ کیا گیا، آٹا، چینی، سبزیاں، فروٹ غرض روزمرہ ضرورت کے تمام اشیاء کے نرخ آسمان سے باتیں کررہی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ریٹس بارے کوئی چیک ہی نہیں۔یہاں تک کہ کچھ علاقوں میں ڈیلرز کو بھی آٹا پرمٹ کے ذریعے دیا جارہا ہے لیکن حکومتی حلقے گھبرانا نہیں کے فلسفے پر عمل پیرا ہے اور کہیں بھی حکومتی رٹ نظر نہیں آر ہی

مزید :

صفحہ اول -