لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) چاول کئی لوگوں کی پسندیدہ خوراک ہیں لیکن اب برطانوی سائنسدانوں نے زیادہ چاول کھانے کے متعلق انتہائی تشویشناک خبر سنا دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یونیورسٹی آف مانچسٹر اور یونیورسٹی آف سیلفرڈ کے سائنسدانوں نے اس نئی مشترکہ تحقیق میں بتایا ہے کہ زیادہ چاول کھانے سے ہارٹ اٹیک اور دل کی دیگر بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور قبل از موت کے امکان میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
سائنسدانوں نے اس کی وجہ یہ بیان کی ہے کہ چاولوں میں قدرتی طور پر سنکھیا موجود ہوتا ہے۔ تاہم یہ اتنی کم مقدار میں ہوتا ہے کہ اعتدال کے ساتھ چاول کھانے سے اس کا کوئی مضر اثر نہیں ہوتا مگر زیادہ مقدار میں چاول کھانے سے سنکھیا کی یہ کم مقدار بھی خطرناک ہو سکتی ہے اور طویل مدت میں جا کر دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔ سائنسدانوں نے اس تحقیق میں ہزاروں لوگو ں پر تجربات کیے۔ ان میں جتنے لوگ زیادہ چاول کھانے والے تھے ان کی دل کی بیماریوں سے موت ہونے کا خطرہ دوسروں کی نسبت 6فیصد زیادہ تھا۔