دنیا کا خوش قسمت ترین آدمی، ایک ہی لاٹری میں 25 مرتبہ جیت گیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کوئی ایک بار لاٹری جیت جائے تو خوشی سے اس کے پاﺅں زمین پر نہیں لگتے لیکن اس امریکی شہری کو ہم دنیا کا خوش قسمت ترین آدمی کہیں گے جو لاٹری کے ایک ہی ڈرا میں 25مرتبہ جیت گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس خوش قسمت آدمی کا نام ریمنڈ ہیرنگٹن ہے جو امریکی ریاست ورجینیا کا رہائشی ہے۔ اس نے لاٹری کے ایک ہی ڈراءکے ایک دوسرے سے مشابہہ 25ٹکٹ خرید لیے۔
رپورٹ کے مطابق ریمنڈ نے ورجینیا بیچ (Beach)میں واقع ویگنم سٹور سے یہ ٹکٹ خریدے جن میں سے ہر ایک ٹکٹ کی قیمت 1ڈالر تھی۔ گویا اس نے 25ٹکٹ 25ڈالر میں خریدے اور جب نتائج کا اعلان ہوا تو اس کے تمام 25ٹکٹس پر انعام نکل آیا۔ اس کے ہر ٹکٹ پر 5ہزار ڈالر کا انعام نکلا۔ چنانچہ وہ مجموعی طور پر 1لاکھ 25ہزار ڈالر جیت گیا۔ 25انعام جیت کے بعد ریمنڈ نے یہ حیران کن بات کہی کہ ”میرے اندر سے آواز آئی تھی کہ مجھے 25مرتبہ کھیلنا چاہیے، چنانچہ میں نے 25ٹکٹ خرید لیے۔“