”کشمیر کسی جادو ٹونے یا لمبی لمبی باتیں چھوڑنے سے آزاد نہیں ہو گا“شہباز شریف نے کشمیر کو پاکستان بنانے کا طریقہ بتا دیا

”کشمیر کسی جادو ٹونے یا لمبی لمبی باتیں چھوڑنے سے آزاد نہیں ہو گا“شہباز ...
”کشمیر کسی جادو ٹونے یا لمبی لمبی باتیں چھوڑنے سے آزاد نہیں ہو گا“شہباز شریف نے کشمیر کو پاکستان بنانے کا طریقہ بتا دیا

  

مظفر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا خطے میں امن کی سب سے بڑی گارنٹی ہے لیکن خطے میں امن تبھی قائم ہوگا جب کشمیریوں کو انکا حق ملے گا،جس راستے نے ایٹمی طاقت بنایا وہی راہ اپنائی تو کشمیر بنے گا پاکستان اور جلد بنے گا،کشمیریوں پہ مودی کے ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلیے ہمیں بطور ایک قوم ایک جامع اور عملی کردار ادا کرنا ہوگا.صرف زبانی کلامی باتوں سے نہیں بلکہ عملی طور پہ اس کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں شہباز شریف نے کہاکہ کشمیر کسی جادو ٹونے یا لمبی لمبی باتیں چھوڑنے سے آزاد نہیں ہو گا، اس کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی، معاشی اور سیاسی طور پر مستحکم ہونا ہو گا اور عالمی سطح پر بہتر سفارتکاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کا قاتل ہے، نواز شریف نے بھارت کے دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا،جس راستے نے ایٹمی طاقت بنایا وہی راہ اپنائی تو کشمیر بنے گا پاکستان اور جلد بنے گا۔شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں سفارتی سطح پر بھارت کودنیا میں بے نقاب کرنا ہوگا، صرف لفاظی نہیں بلکہ عملی اقدامات سے کشمیر کے لیے جدوجہدکرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا خطے میں امن کی ضمانت ہے، حکومت سے اختلافات کے باوجود ہم کشمیر پر متحد ہیں، اس عہد کو دہرانا چاہتا ہوں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،اگر ہم نے کشمیریوں کا ہاتھ چھوڑا توکوئی معاف نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ دن آئے گا جب کسی مصالحت کی ضرورت نہیں ہوگی اور کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان عالم اسلام کا ستارہ تھا لیکن خطے کے چھوٹے ممالک ہم سے آگے نکل گئے، ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں اور دیگر ممالک ہم سے آگے نکل گئے۔شہبازشریف نے کہا کہ سید علی گیلانی، یاسین ملک ،آسیہ اندرابی کو سلام پیش کرتا ہوں، جنگ دوم میں شکست کھانے والی قومیں 60 سال میں اپنی ترقی کا سکہ جماسکتے ہیں، کسی جادو ٹونے سے نہیں جاپان، جرمنی نے مسلسل قربانی، محنت کو اپنا شعار بنایا۔

مزید :

قومی -