پاکستان کی ہوم سیریز پر احسان مانی کا دبنگ اعلان، پاکستانیوں کو خوش کر دیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ پاکستان ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا۔
تفصیلات کے مطابق مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر برطانوی میڈیا سے گفتگو میں احسان مانی نے کہا کہ پاکستان اپنی ہوم سیریز کسی تیسرے مقام پر نہیں کھیلے گا، ہوم سیریز پاکستان میں ہو گی، یا تو نہیں ہوگی، ہوم سیریز کیلئے کسی اور مقام کا انتخاب نہیں کریں گے اور نہ ہی کہیں اور جا کر کھیلیں گے۔
احسان مانی نے کہا کہ انگلینڈ کا 2022ءکا دورہ پاکستان میں کوئی رکاوٹ نہیں اور میرا نہیں خیال کہ اس میں کسی کو دقت ہوگی، یہ سیریز پاکستان میں ہو گی، ورنہ کہیں نہیں ہو گی۔ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور دو سال بعد جب انگلینڈ ٹیم آئے گی تو پاکستان مزید محفوظ بن چکا ہو گا، پاکستان میں آنے والی غیرملکی ٹیموں کو سربراہ مملکت کے برابر سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم کے ہیڈکوچ نے دورہ پاکستان کیلئے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دورہ پاکستان کیلئے تیار ہیں اور مستقبل قریب میں انگلینڈ ٹیم دورے کرنے کو تیار ہے۔انگلینڈ نے 15 سال قبل 06-2005ءمیں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ہیڈکوچ سلور ووڈ نے بتایا کہ وہ کبھی پاکستان نہیں گئے۔
سلورووڈ کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کا سفر کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے اچھا ہے ہم وہاں کی وکٹوں پر بھی خود کو آزما لیں گے۔ ہمیں وہاں جانا چاہیے اور ذاتی طور پر مجھے وہاں جانے میں کوئی دقت نہیں، میں کبھی پاکستان نہیں گیا اس لئے ہمیں وہاں جا کر دیکھنا چاہیے اور ٹیم کو وہاں کی وکٹوں پر آزمانا بھی چاہیے۔