جوفرا آرچر نسیم شاہ کیساتھ سپیڈ کا موازنہ کرنے پر سٹپٹا گئے، صحافیوں کو کیا جواب دیا؟
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر جوفرا آرچر پاکستانی فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ کیساتھ رفتار کا موازنہ کئے جانے پر سٹپٹا گئے جن کا کہنا ہے کہ کوئی روبوٹ نہیں ہوتا کہ ہر روز 90 میل کی رفتار سے باﺅلنگ کروا سکے۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ میں دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں نسیم شاہ کے مقابلے میں کم سپیڈ سے گیندیں کروانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پچ کی صورتحال بھی دیکھنا پڑتی ہے، یہاں دوسرے روز ہی گیند سپن ہونے لگی تھی، دوسرے سیشن میں پاکستان نے بیٹنگ اچھی کی لیکن قسمت نے بھی انگلینڈ کا ساتھ نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ باﺅلرز کو بعض اچھی گیندوں کا بھی صلہ نہیں ملا، کئی کیچ فیلڈرز سے آگے گرے، کئی بیٹسمین بیٹ ہونے کے باوجود بال بال بچ گئے،پہلے سیشن میں انگلش فاسٹ باﺅلرز کو مدد ملی، بعد ازاں کنڈیشنز مختلف ہوگئیں، کبھی حالات ایسے نہیں ہوتے کہ فاسٹ باﺅلر پورا زور لگا سکے، کوئی بھی روبوٹ نہیں ہے کہ جو ہر روز ہی 90 میل کی رفتار سے باﺅلنگ کرا سکے۔