شراب لائسنس کیس،مسلم لیگ ن نےعثمان بزدار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدارسےمستعفی ہونےکامطالبہ کرتےہوئےکہا ہے کہ عثمان بزدار شراب لائسنس کیس میں تحقیقات مکمل ہونے تک خود کو عہدے سےالگ کریں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر رہتے اپنا سیاسی اثر رسوخ استعمال کرنے کا خدشہ ہے،عثمان بزدار پہلے خود کو نیب سے کلیئر کرائیں پھر صوبے کے چیف ایگزیکٹیو بننے کے اہل بنیں۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار گندم اور چینی سکینڈل کے مرکزی کردار تھے،حیرت ہے نیب نے اس کیس میں بزدار صاحب کو طلب کیوں نہیں کیا؟عثمان بزدار پرشراب لائسنس کیس بنانے کا مطلب اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاق کے کچھ وزراء عثمان بزدار کیخلاف ہی سازشیں کررہے ہیں،پنجاب پورے پاکستان میں کرپشن میں نمبر ون صوبہ بن چکا ہے،ٹرانسپریسی انٹر نیشنل کی رپورٹ چیخ چیخ کرکہہ رہی موجودہ حکومت سب سے کرپٹ ترین حکومت ہے،نئے پاکستان میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کیے جارہے ہیں,اب تو بزدار صاحب کے فرنٹ مین کا نام بھی آرہا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وفاق سے پنجاب تک ہروزیر اور مشیر اپنے من پسند لوگوں کو اربوں کے ٹھیکے دلوارہا ہے،چندے اور فارن فنڈنگ کی پیدوار جماعت آج قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،نیب نیازی حکومت کی لوٹ مار پر مسلسل آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔