طالبان نے ایک اور صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کر لیا ، شدید لڑائی جاری ، امریکہ نے اپنے شہریوں کو ہدایات جاری کر دیں 

طالبان نے ایک اور صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کر لیا ، شدید لڑائی جاری ، امریکہ ...

  

کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن )فغان صوبے جوزبان کی صوبائی کونسل کے سربراہ نے طالبان کے دارالحکومت شبر غان پر قبضے کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد یہ طالبان کے قبضے میں آنے والا دوسرا صوبائی دارلحکومت ہے ، دوسری جانب امریکہ نے اپنے شہریوں کو فوری افغانستان چھوڑنے کا حکم بھی جاری کر دیاہے ۔

” بی بی سی اردو “ کی رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت شبرغان شہر کے کئی علاقوں میں شدید لڑائی جاری ہے اور طالبان زیادہ تر سرکاری عمارتوں اور شہر کا کنٹرول سنبھالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ تاہم ائیر پورٹ ابھی تک حکومتی کنٹرول میں ہے اور وہاں لڑائی جاری ہے۔افغانستان کے دیگر صوبائی دارالحکومت جہاں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے ان میں مغرب میں ہرات اور جنوب میں لشکر گاہ شامل ہیں۔

افغانستان میں جاری لڑائی اور حالات کے پیش نظر امریکہ نے اپنے شہریوں سے فوراً افغانستان چھوڑنے کی اپیل کی ہے، امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی شہری کمرشل فلائٹ آپشنز کا استعمال کرتے ہوئے فوراً افغانستان چھوڑ دیں۔افغانستان میں سکیورٹی حالات اور عملے کی کمی کے پیش نظر، امریکی سفارت خانے کی افغانستان میں اپنے شہریوں کی مدد کرنے کی قابلیت بھی انتہائی محدود ہے۔امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ وہ ان امریکی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے قرض فراہم کر سکتا ہے جو اس وقت امریکہ کا ٹکٹ خریدنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

ادھر برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کا کہنا ہے کہ ایسے افغان صحافی جو برطانوی میڈیا کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور انھیں طالبان کی جانب سے فوری خطرہ ہے، انھیں برطانیہ منتقل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔برطانوی میڈیا تنظیموں کو ایک خط میں ڈومینک راب نے کہا ہے کہ ایسے کیسز کو خصوصی بنیاد پر دیکھا جائے گا۔

مزید :

بین الاقوامی -