میاں محمود الرشید نے احسن اقبال پر سنگین الزام عائد کردیا
نارووال(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ارسطو نے اپنے 10 سالہ دور اقتدار میں نارووال کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ، حکومت پنجاب تمام عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے ضلع نارووال کیلئے ریکارڈ ترقیاتی پیکیج دیا ہے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ میں نے خود نارووال کا دورہ کیا ہے ،شہر میں آبی نکاس کے منصوبے بروقت نہ بنانے کی وجہ سے شہر میں بارش کا پانی کھڑا ہوتا ہے، شہر کی صورت حال دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ ن لیگ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کی کوشش کی ہے، ن لیگ نے ضلع نارووال میں یہ ثابت کیا ہے کہ انہوں نے شہر کی صورت حال کی بہتری کےلئے عملاًکوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے نارووال دورہ کے دوران 5 ارب سے زائد کی خطیر رقم کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا،اس حوالے سے سروے جاری ہے ،انشاءاللہ اگلے 2 سے 3 ماہ میں کام شروع ہو جائیں گے اور ضلع کا نقشہ بدل جائے گا ۔
محمود الرشید نے کہا کہ نارووال کے دورے کا مقصد جہاں شہر کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا ،وہاں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں کامیابی پر کارکنوں کو مبارکباد ے کر حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ مارچ 2021ء میں ہونےوالےبلدیاتی اداروں کےالیکشن کی تیاریوں کےحوالےسےکارکنوں کوآگاہ کرنا تھا،تحریک انصاف کی حالیہ الیکشن میں کامیابیاں عمران خان کےمنشور کی تائید ہے،اب ملک کاگراف بلندی کی طرف گامزن ہے ، پی ٹی آئی کی حالیہ الیکشن میں کامیابیاں انکی مثبت ملکی پالیسوں کی بدولت ہے ۔