دورہ نیدر لینڈ ز،قومی کرکٹرز کی پریکٹس کا پہلا روز بارش سے متاثر

  دورہ نیدر لینڈ ز،قومی کرکٹرز کی پریکٹس کا پہلا روز بارش سے متاثر

  

         لاہور(آئی این پی) دورہ نیدر لینڈز کیلئے قومی کرکٹرز کی مشقوں کا   آغاز ہو گیا،لاہور میں   بارش کے باعث قومی اسکواڈ کے تربیتی سیشن کا پہلا روز متاثرہوا،قومی اسکواڈ نے قذافی اسٹیڈیم  کی بجائے   نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر    انڈور ہال میں ٹریننگ کی جبکہ نائب کپتان شاداب خان کی میڈیا ٹاک بھی منسوخ کردی گئی ہے،قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کے مابین پریکٹس میچ  آج کھیلا جائیگا۔اس سے قبل منیجر منصور رانا کی زیر سربراہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹیم میٹنگ ہوئی جس میں کپتان بابر اعظم نے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے پلیئرز کا حوصلہ بڑھایا،انھوں نے کھلاڑیوں کو وائٹ بال کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت دی۔  گزشتہ روز لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے آؤٹ فیلڈ گیلی ہوگئی   جبکہ   ہفتہ کو بھی رم جھم جاری رہی، اس صورتحال میں کھلاڑیوں کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑا،11اگست تک جاری رہنے والے کیمپ میں پاکستان شاہینز کیخلاف 2پریکٹس میچز بھی شامل ہیں قذافی اسٹیڈیم میں بنائی جانے والی وسطی پچز ابھی تیاری کے مراحل میں ہیں،صرف سائیڈ پچز پر نیٹس لگیں گے،پریکٹس میچز بھی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، قومی اسکواڈ کو فاسٹ بولر حارث رؤف  آج جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان بعد میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -