انڈسٹری کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، اسلم حسن

  انڈسٹری کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، اسلم حسن

  

  لاہور(فلم رپورٹر)سینئر اداکار اور پروڈیوسر اسلم حسن نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کے حالات میں بہتری لانے کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اوریہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک پبلک پرائیویٹ جوائنٹ ونچر نہیں کیا جاتا،ہمارے ہاں آج تک فلم کے پلیٹ فارم سے اس طرح استفادہ نہیں کیا گیا جس کی ضرورت ہے،فلم انڈسٹری کے ذریعے ہم پاکستان کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈے کوموثراندازمیں کانٹر کرسکتے ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ آج کے دورمیں  ہرشخص چاہتاہے کہ اس کے ہاتھ میں جو موبائل فون ہے اس پر ہی سب کچھ مل جائے۔ فلم انڈسٹری کے لوگوں اورحکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جس سے لوگ سنیما کی طرف آئیں۔ایک سوال کے جواب میں اسلم حسن نے کہا کہ فلم انڈسٹری سے صرف فنکاروں کو روزگار نہیں ملتابلکہ کئی شعبوں کے سینکڑوں لوگ رزق کماتے ہیں۔ کسی کوبھی یہ سوچ کر  فلم انڈسٹری سے لا تعلق نہیں ہونا چاہیے کہ اب اس کی ترقی ممکن نہیں۔ بلکہ سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اسلم حسننے نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات پر مشورہ دیا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ کچھ وقت اپنے تعلیمی اور سیکھنے کے عمل کے لئے مختص کریں۔ سب سے اہم چیز تعلیم حاصل کرنا ہے۔ اسلم حسن نے متنازع باتوں سے نمٹنے کے حوالے سے اپنے طریقہ کار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ تنقید ایسی ہوتی ہے کہ آپ اقدامات پر سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں، لیکن بعض ایسے کمنٹس بھی ہوتے ہیں جنہیں سن کر ہنسی آجاتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ تعمیری تنقید سننے کیلئے بالکل تیار ہیں۔اسلم حسن نے کہا ہے کہ میری دونوں فلمیں ”36گڑھ“اور”25لاکھ“ریلیز کے لئے تیار ہیں اب سنیما ہال مکمل طور پر کھل چکے ہیں اور لوگ ایک بار پھر فلمیں دیکھنے کے لئے سنیما کا رخ کررہے ہیں میری دعا ہے کہ اب ماحول سازگار ہی رہے اور ہمیں دوبارہ سنیما بند کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ایک سوال کے جواب میں اسلم حسن نے کہا کہ میری فلموں کی خاص بات کرداروں کی مناسبت سے فنکاروں کا انتخاب ہے ہر کردار انگوٹھی میں نگینے کی طرح فٹ نظر آئے گا۔ڈائریکٹر ندیم چیمہ نے دونوں فلموں کے ایک ایک سین پر خوب محنت کی ہے مجھے امید ہے کہ میری دونوں فلموں کو عوام پسند کریں گے ایک سوال کے جواب میں اسلم حسن نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ سے پروفیشنل سوچ کا حامل رہا ہوں میں اپنا ہر کام مکمل پروفیشنل انداز میں انجام دیتا ہوں میری بات کا عملی ثبوت میری جلد آنے والی فلموں ”36گڑھ“اور”25لاکھ“کو دیکھ کر ہوجائے گا۔ 

مزید :

کلچر -