تحریک انصاف کا 14اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا فیصلہ،حکومت عام انتخابات کی تاریخ دے:عمران خان

  تحریک انصاف کا 14اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا فیصلہ،حکومت عام انتخابات ...

  

        اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف نے 14 اگست کو اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس عمران خان کی صدارت میں ہواجس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شر کت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کو پریڈ گراؤنڈ اسلام آبادمیں حکومت مخالف بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کے 9 حلقوں سے ضمنی انتخابات لڑنے سے متعلق قانونی امور کا بھی جائزہ لیاگیا۔اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہر میدان میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، حکومت فوری عام انتخابات کی تاریخ دے۔اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پی ٹی آئی کو خدشہ ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کیں تو وفاقی حکومت گورنر راج لگا سکتی ہے، قومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو دونوں صوبائی اسمبلیاں مدت پوری کریں گی۔ قبل ازیں ٹوئٹر بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بہادر فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور عالمی قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں اسرائیلی سفاکیت و بربریت کیخلاف اقدام کریں۔انہوں نے لکھا کہ اسرائیلی فوجیوں نے تمام بین الاقوامی قوانین پیروں تلے روندتے ہوئے غزہ میں محصور فلسطینیوں، جن میں بچے بھی شامل ہیں، پر پھر سے فضائی حملے کئے ہیں۔ اسرائیل اہل فلسطین کومحکوم بنانے کیلئے اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہونے والوں کیخلاف بھاری بھر کم عسکری قوت استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔عالمی قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں اپنا سکوت توڑیں اور اہلِ فلسطین کیخلاف اسرائیلی سفاکیت و بربریت کیخلاف اقدام کریں۔ امن صرف دو ریاستی حل جیسے ایک قابلِ عمل منصوبے ہی سے ممکن ہے۔

عمران خان 

مزید :

کامرس -صفحہ اول -