سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فنڈ قائم،مخیر حضرات سیلاب کی تباہی کاشکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں:شہباز شریف

سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فنڈ قائم،مخیر حضرات سیلاب کی تباہی کاشکار اہل ...

  

         اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغری برپا کی ہے، بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں، حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لئے فوری جاری کر دئیے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ، سیلاب متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے، جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کرکے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے، سیلاب زدگان کے لئے رقوم پرائم منسٹرء ریلیف فنڈ 2022 کے اکاؤنٹ نمبر‘جی-12164’میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جاسکے۔ وزیر اعظم  شہبازشریف نے    این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز کو   ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کو مزید مؤثر انداز سے سرانجام د ینے    کی ہدایت  کی ہے۔ تفصیل کے مطابق   کی  زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے حوالے سے ایک اہم  فالو اپ اجلاس ہفتہ کے رو ز  لاہور  میں منعقد  ہوا جس میں اس سلسلے  میں گزشتہ روز  ہونے والے  فیصلوں پر  عمل درآمد کا جائزہ  لیا گیا۔ وزیر اعظم نے ایک بار پھر  ہدایت کی کہ  این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز  ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کو مزید مؤثر انداز سے سرانجام دیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود, وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی,  چیئرمین این ڈیایماے نے شرکت کی جب کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال,وفاقی وزیر ہاؤسنگ  مولانا عبدالواسع, مشیر براے امور کشمیر قمر  زمان کائرہ بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے.دریں اثنا کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے  حالیہ بارشوں و سیلاب سے   متاثرین   کو  ریسکیو، ریلیف اور معاوضے  کی مد میں ادائیگیوں کیلئے  این ڈی ایم اے  کیلئے  پانچ ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔  وفاقی وزیر خزانہ و محصولات  مفتاح اسماعیل  کی زیر صدارت   ہفتہ کو  کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)  کا اجلاس منعقد  ہوا۔ ای سی سی میں   نیشنل ڈیزاسٹرس مینجمنٹ اتھارٹی اسلام آباد نے وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لیے این ڈی ایم اے کو فنڈز مختص کرنے کے لیے ای سی سی کے خصوصی اجلاس میں سمری پیش کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے درخواست کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں اور متاثرین کی موت اور معذوری کی صورت میں  معاوضے  کی  ادائیگی کے لیے این ڈی ایم ایف کو 5  ارب روپے مختص  کیے جائیں۔ ای سی سی نے غور و خوض کے بعد سیلاب 2022 کے متاثرین کی موت اور زخمیوں کے لیے ریسکیو، ریلیف اور معاوضے  کی مد میں ادائیگیوں کیلئے  این ڈی ا یم اے کو پانچ ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔یہ رقم این  ڈی ایف  ایم  کو   فنانس ڈویژن کی ہنگامی فراہمی سے بلاک  منظوری سے  فراہم  کی جائے گی۔ وزیر خزانہ نے متاثرین کی بروقت مدد کے لیے فوری طور پر رقوم کی منتقلی کی بھی ہدایت کی۔ ای سی سی اجلا میں  وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت   رانا احسان افضل، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اقتصادیات  بلال اظہر کیانی، چیئرمین این ڈی ایم اے، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں پانچ سالہ بچی سمیت 10 افراد شہید ہو گئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اس واقعے کو اسرائیل کی دہشت گردی کی تازہ ترین کارروائی قرار دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر سزا کے خوف سے بالاتر ہو کر ظلم کرنے والے کا کوئی وجود ہے تو وہ اسرائیل ہے جو نتائج کی پرواہ کئے بغیر فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔واضح رہے کہ اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے فلسطینی کمانڈر اور 5 سال کی بچی سمیت 10 فلسطینی شہید اور 75 زخمی ہو گئے۔اسرائیلی وزیراعظم یائر لیپڈ نے کہا کہ حملے میں اسلامک جہاد کے کمانڈر تیسیر الجبری  کو نشا نہ بنایا گیا ہے۔

امدادی فنڈ

مزید :

کامرس -صفحہ اول -