پنجاب کابینہ کے 21ارکان نے حلف اٹھا لیا،7نئے چہرے شامل

پنجاب کابینہ کے 21ارکان نے حلف اٹھا لیا،7نئے چہرے شامل

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب کابینہ کے 21ارکان نے حلف اٹھا لیا، گورنر محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس لاہور میں کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی، سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، آئی جی پنجاب فیصل شاہکار، مونس الٰہی، حلیم عادل شیخ سمیت تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق) سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ گورنر ہاؤس میں پنجاب کابینہ کیلئے حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، محسن لغاری، تیمور ملک، محمد بشارت راجہ، عنصر مجید نیازی،راجہ یاسر ہمایوں،منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین، مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد، خرم شہزاد ورک، محمد ہاشم،علی افضل ساہی،نوابزادہ منصور علی خان، حسین جہانیاں گردیزی، غضفر عباس چھینہ، لطیف نذر، حسنین بہادر دریشک اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔پنجاب کابینہ میں 7 نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ق)کا کوئی رکن وزیر نہیں۔ کابینہ میں شامل ہونے والے اراکین کو محکموں کے قلمدان بھی سونپ دئیے گئے ہیں جس کے مطابق محمد محسن لغاری کو محکمہ خزانہ، محمد تیمور خان کو یوتھ افیئرز، سپورٹس، کلچر،محمد بشارت راجہ کو کوآپریٹو،پبلک پراسیکیوشن،راجہ یاسر ہمایوں ہائر ایجوکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،عنصر مجید خان نیازی لیبر اینڈ ہیومن ریسورس، محمد منیب سلطان چیمہ ٹرانسپورٹ، سردار شہاب الدین خان سہڑ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ،مراد راس سکولز ایجوکیشن، ڈاکٹر یاسمین راشد سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر،خرم شہزاد ورک قانون و پارلیمانی امور،سردار محمد آصف نکئی ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، علی افضل ساہی کمیونیکیشن اینڈ ورک،نوابزادہ منصور احمد خان ریو نیو، سید حسین جہانیاں گردیزی زراعت، غضنفر عباس چھینہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، محمد لطیف نذر مائنز اینڈ منرلز،سردار حسنین بہادر دریشک انرجی، فوڈ، میاں محمود الرشید لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، میاں محمد اسلم اقبال ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، انڈسٹریز، کامرس، انویسٹمنٹ اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جبکہ سید عباس علی شاہ جنگلا، وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ عثمان بزدار کابینہ میں حلف اٹھانے والے 6اراکین کو پرویزالٰہی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ تین بار وزیر قانون رہنے والے بشارت راجہ کا قلمدان تبدیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی کابینہ کا حصہ بننے والے جہانزیب کچھی، سید یاور عباس بخاری، اختر ملک، فیاض الحسن چوہان،چوہدری ظہیر الدین اور ہاشم جواں بخت کو چوہدری پرویز الٰہی کی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔ کابینہ میں 7نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں۔راجہ بشارت جو تین بار وزیر قانون کا قلمدان سنبھال چکے ہیں ان کی وزارت بھی تبدیل کر کے انہیں کوآپریٹو اور پبلک پراسیکیوشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ ضمنی انتخاب میں جیت کر آنے والے خرم شہزاد ورک کو قانون کا قلمدان سونپا گیا ہے۔پنجاب کابینہ میں تخت لاہور کی نمایندگی چار وزیروں اور ایک مشیر کو ملی۔اس وقت پنجاب کابینہ میں جو وزراء شامل ہیں ان میں یاسمین راشد,میاں محمود الرشید,میاں اسلم اقبال اور مراد راس کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ مشیر اطلاعات عمر سرفراچیمہ کا تعلق بھی لاہور سے ہی ہے۔لاہور کی نمایندگی تحریک انصاف کی ماضی کی حکومت میں بھی نمایاں تھی اور اب بھی لاہور کو اس کابینہ میں خاص طور پر اہمیت دی گی ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے جن لوگوں کو وزیر بنایا گیا ہے ان چاروں کا عمران خان سے ایک اچھا تعلق ہے اور تنظیمی معاملات میں بھی ان کا رول کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

حلف

مزید :

کامرس -صفحہ اول -