پنجاب میں نویں اور دسویں مرحم کو ڈبل سواری پر پابندی

پنجاب میں نویں اور دسویں مرحم کو ڈبل سواری پر پابندی

  

        لاہور (جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 4نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان کی منظوری دی۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجا ب میں نویں اور دسویں محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ حساس مقامات اور جلوسوں کے راستے پر موبائل سروس بند رہے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی اپنے متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو فی الفور اپنے اضلاع میں جا کر عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے ا قدامات کی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یوم عاشور پر قیام امن کے لئے ضلع کی سطح پر باقاعدگی سے میٹنگز کی جائیں اورتمام جلوسوں او رمجالس کی سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنائی جائے۔ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پرامن فضا کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ضلعی وڈویژنل امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اورسکیورٹی انتظامات کی باقاعدگی سے مانٹیرنگ کی جائے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے خصوصی امدادی پیکیج پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جلد ازالہ کیاجائے گا- پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی از سر نو تشکیل کی منظوری دی۔صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ برائے قانونی امور کی ازسرنو کی تشکیل کی منظوری دی۔صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔پنجاب کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی۔صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کابینہ اجلاس میں بلوچستان میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔پنجاب کابینہ نیشہید ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجرجنرل امجد حنیف، بریگیڈئیر محمد خالد،میجر سعیداحمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاضکو خراج عقیدت پیش کیا۔ کابینہ کے اجلاس میں شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہارکیاگیا- پنجاب کابینہ نے سیلاب اور بارشوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کاحکم دیا او رہدایت کی کہ  واساز، انتظامیہ، ریسکیو1122اور پی ڈی ایم اے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں۔ پرویزالٰہی نے گورنر ہاؤس میں صوبائی وزراء کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے حلف اٹھانے والے صوبائی وزراء کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ق سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ نے ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی مونس الہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔

پرویزالٰہی

مزید :

کامرس -صفحہ اول -