ویسٹ ری سائیکل انڈسٹری تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے: محمد ندیم قریشی 

ویسٹ ری سائیکل انڈسٹری تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے: محمد ندیم قریشی 

  

   لاہور(پ ر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی کی سربراہی میں پولیمر ویسٹ امپورٹرز اور ریسائیکلرز انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حوالے سے وفاقی وزارت تجارت اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمیکل ذیغم عباس،بورڈ آف انوسٹمنٹ سمیت دیگر محکموں کے عہدہداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ویسٹ ری سائیکل انڈسٹری کو لاحق خطرات اور اس سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے حل سمیت متعلقہ وزارتوں کی جانب سے ایس او پیز کے نفاذ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی نے کہا کہ ویسٹ ری سائیکل انڈسٹری تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ جو چند ماہ بمشکل چل سکے گی اس کی بندش سے نہ صرف لاکھوں لوگ بیروزگار ہوں گے بلکہ پاکستان کو زرمبادلہ میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک انڈسٹری سے ایک بلین ڈالر کی آمدن ہوتی ہے مگر حکومت انڈسٹری کو فروغ دینے کے بجائے ان کو مسائل میں ڈال کر آئی ایم ایف کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان میں چھوٹی چھوٹی چیزوں پر توجہ دیتے ہوئے ٹھیک کر دیا جائے تو پاکستان نہ صرف معاشی طور پر مستحکم ہوگا بلکہ قرضوں سے بھی نجات ملے گی۔ ندیم قریشی نے متعلقہ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومتیں آنی جانی چیزیں ہے۔ اداروں کو چاہیے کہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو ریلیف فراہم کرے خاص کر ری سائیکل انڈسٹری کیلئے ایس او پیز کے نفاذ اور پابندیوں کے خاتمہ کو یقینی بنائے۔ محمد ندیم قریشی نے وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت تجارت اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے افسران کو ایف پی سی سی آئی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی آپ کو ایف پی سی سی آئی کی ضرورت ہوگی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ایف پی سی سی آئی آپ لوگوں کے شانہ بشانہ ہوگا۔ اجلاس سے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمیکل ذیغم عباس سمیت دیگر حکام کے ساتھ ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینئر عاطف نواز مغل اور ڈپٹی کنوینئر آصف سرور نے بھی خطاب کیا۔ 

مزید :

کامرس -