نجی شعبہ معیشت کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہتا ہے، پرویز حنیف 

نجی شعبہ معیشت کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہتا ہے، پرویز حنیف 

  

لاہور(این این آئی)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ہماراادارہ دنیا میں فیشن کے بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق نوجوانوں کوتربیت فراہم کر رہا ہے، بر ملا کہتے ہیں کہ ہر انڈسٹری کو اپنا بوجھ خود اٹھانا چاہیے لیکن حکومتی ادارے صرف یہ مہربانی کریں کہ رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے سہولیات فراہم کریں،حکومت یہ دیکھے کہ کس برآمدی شعبے کو کس سطح پر کیا معاونت چاہیے تاکہ ہماری برآمدات کو فروغ مل سکے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہینڈ لوم کا کامیاب تجربہ ایک انقلاب ہے جس سے پیداواری وقت میں بھی کمی ہو گی۔ ہمسایہ ملک کی حکومت نے ہینڈلوم کووسیع پیمانے پر روزگار کے فراہمی کاذریعہ بنایا ہے اس لئے یہاں بھی اس جانب توجہ مرکوزکرنی چاہیے،خاص طو رپر پنجاب حکومت دیہی علاقوں میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر روزگار کی فراہمی کاانقلاب بر پا کرسکتی ہے مزیدکہا کہ یہاں نجی شعبہ معیشت کی گروتھ کیلئے کام کرناچاہتا ہے لیکن بد قسمتی سے سرکاری ادارے اس میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں جس کی کڑی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں اس طرز کی تربیت فراہم کی جارہی ہے جو دنیا میں بدلتے ہوئے رجحانات کے عین مطابق ہے اور ہماری کارپٹ کی مصنوعات اپنے معیار اور ڈیزائنوں کی جدت کی وجہ سے پوری دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں۔

مزید :

کامرس -