محرم الحرام،صوبہ بھر کی امام بارگاہوں،گزرگاہوں اور دوسری سہولتوں کا جائزہ

  محرم الحرام،صوبہ بھر کی امام بارگاہوں،گزرگاہوں اور دوسری سہولتوں کا جائزہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        پشاور (سٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے عاشورہ محرم کے دوران ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں امام بارگاہوں، مجالس اور ماتمی جلوسوں کے راستوں میں روشنی، صفائی، نکاس، آبنوشی اور چھڑکاؤ کی مناسب سہولتوں کا اہتمام کیا ہے جبکہ سکیورٹی انتظامات میں بھی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے ہرممکن معاونت کی جا رہی ہے اس مقصد کیلئے لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ اور پشاور سٹی میٹرو پولیٹن میں کنٹرول رومز قائم کرنے کے علاوہ متعلقہ شہروں کے ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز اور ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے خصوصی ٹیمیں اور سکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں یوم عاشور پر بلدیہ و میونسپل ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں یہ بات صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور کو لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں عاشورہ محرم کے انتظامات سے متعلق خصوصی اجلاس میں بتائی گئی فیصل امین گنڈاپور نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم واضح کیا کہ صوبے بھر میں بلدیہ اور میونسپلٹیز کی جانب سے ہونے والے انتظامات ہر لحاظ سے تسلی بخش اور فول پروف ہونے چاہئیں انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ٹی ایم ایز اور ڈبلیو ایس ایس سیز کے صفائی، آبنوشی، بجلی اور لائٹنگ سہولیات کیلئے بنائی گئی خصوصی ٹیموں کو مطلوبہ آلات اور وسائل بھی فوری مہیا کئے جائیں نیز ان سہولیات کو نہ صرف ہر قیمت پر عاشورہ کے اختتام تک برقرار رکھا جائے بلکہ میونسپلٹی کی متعلقہ تمام خصوصی تنصیبات کو بارہ محرم سے پہلے نہ ہٹایا جائے وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ سانحہ کربلا اہل ایمان کی جانب سے حق و باطل کی جنگ میں جذبہ قربانی سے سرشار ہوکر حق کا ساتھ دینے، فرائض کو پہچاننے اور انکی بطریق احسن ادائیگی کی یاددہانی کا دن ہے اسلئے تمام بلدیہ حکام و ملازمین کو چاہئے کہ وہ نہ صرف عاشورہ محرم بلکہ سال بھر اپنے فرائض منصبی پوری تندہی سے سرانجام دینے کا عزم صمیم کریں اور اپنی اعلیٰ خدمات اور اخلاق حسنہ سے عوام کو مطمئن کریں تاکہ اداروں پر ان کا اعتماد مسلسل بحال ہوتا رہے۔