کوٹلہ محسن خان عمائدین کی گیس بندش کیخلاف احتجاجی ریلی 

  کوٹلہ محسن خان عمائدین کی گیس بندش کیخلاف احتجاجی ریلی 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)کوٹلہ محسن خان کے عمائدین نے گیس بندش کے خلاف امین کالونی چوک سے کوٹلہ محسن خان چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما و سابق امیدوار صوبائی  اسمبلی ارباب فاروق جان ' ارباب عالمزیب ' تاج گل آفریدی ' جمیل خان ' انور گل ' سید امین ' مستان شاہ آفریدی ' عبد الرؤف ' رحمت اللہ ' امیر شاہ ' اکبر علی ' آفتاب خان ' گلاب خان ' سلمان خان ' حاجی عزیز الرحمن ' عبد الحمید ' عبد الوحید اور دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرین نے محکمہ سوئی گیس حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ارباب فاروق جان نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے کوٹلہ محسن خان اور دیگر  علاقوں میں گیس مکمل طور پر غائب ہے جس کے باعث شہریوں کو ا مور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں گیس نہ ہونے کے باعث نوکر پیشہ افراد بغیر ناشہ کے دفاتر جانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس کے افسران مختلف علاقوں کے دورے کر کے سروے مکمل کرنے کا کہہ دیتے ہیں تاہم مسئلہ حل نہیں کیا جا تا۔ انہوں نے کہا کہ حلقے سے منتخب ایم پی اے اور ایم این اے کو بار بار یاد دہانیاں کرانے کے باوجود مسئلہ جوں کا توں ہے جس کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں گیس بندش کے باعث علاقہ عوام ایل پی جی گیس استعمال کرنے اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس حکام کی جانب سے فوری طور پر مسئلہ حل نہ کرنے کی صورت میں کو ہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جائیگا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ 

مزید :

کامرس -پشاورصفحہ آخر -