سی اے اے کا کراچی ایئرپورٹ پر بارشوں سے متعلق الرٹ جاری 

  سی اے اے کا کراچی ایئرپورٹ پر بارشوں سے متعلق الرٹ جاری 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ممکنہ طوفانی بارشوں سے متعلق الرٹ رہیں اور اقدامات کیے جائیں، کسی حادثے سے بچنے کے لیے ہلکے وزن کے جہازوں کو محفوظ مقامات پر پارک کر کے ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھا جائے۔سی اے اے نے کہا کہ رن ویز اور ٹارمک ایریا میں کسی بھی تصادم کے خدشے کا باعث بننے والے آلات کو بھی حساس مقامات سے ہٹا دیا جائے، فلائٹ سیفٹی کے تحت گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران مختلف قسم کے کیڑے مکوڑوں کے خاتمے کے لیے اسپرے کو یقینی بنایا جائے۔ادارے نے کہا کہ جہازوں سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے جائیں، ایئر فیلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اور اطراف میں موجود تمام برقی آلات کی فعالیت کو یقینی بنائیں، بارش کے دوران محفوظ آپریشن کے لیے رن وے کی رگڑ/بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے کے لیے ٹیم کو تیار رکھا جائے۔سی اے اے نے کہا کہ بین الاقوامی اور ملکی سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہاو ممکن بنایا جائے اور رن ویز کے اطراف میں ہر قسم کے گڑھوں کو بھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے۔

مزید :

کامرس -کراچی صفحہ آخر -