حسینہ واجد کے اقتدار چھوڑنےکی اندرونی کہانی سامنے آگئی،سخت مؤقف کیو ں اختیار کیا ؟

حسینہ واجد کے اقتدار چھوڑنےکی اندرونی کہانی سامنے آگئی،سخت مؤقف کیو ں ...
حسینہ واجد کے اقتدار چھوڑنےکی اندرونی کہانی سامنے آگئی،سخت مؤقف کیو ں اختیار کیا ؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈھا کہ  (ڈیلی پاکستان آن لائن )بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے مظاہرین کیخلاف سخت مؤقف سے اقتدار چھوڑنے تک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
طلبہ احتجاج سے مجبور ہو کر مستعفی ہونے اور بھارت فرار ہونے والی سابق بنگلہ  دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد آخری لمحات تک اقتدار چھوڑنے کو تیار نہ تھیں، انہوں نے اپنی بہن کی بات بھی نظر انداز کردی لیکن جب بیرون ملک سے بیٹے نے فون کیا تو وہ استعفیٰ دینے کو تیار ہوئیں۔شیخ حسینہ کے بطور وزیراعظم آخری لمحات پر بنگلہ دیشی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقتدار چھوڑنے سے کچھ پہلے شیخ حسینہ واجد نے مظاہرین کے خلاف کاروائیوں پر آئی جی پولیس کو سراہا تھا۔حسینہ واجد نے کہا کہ پولیس بہت اچھا کام کر رہی ہے، جواب میں آئی جی بولے لیکن حالات اب اس جگہ پہنچ چکے ہیں جہاں پولیس حکومت کے سخت مؤقف پر کھڑی نہیں رہ سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق آئی جی نے حسینہ واجد کو سمجھایا کہ پولیس اب مزید حالات کنٹرول نہیں کرسکتی لیکن حسینہ واجد یہ ماننے کو تیار نہ تھیں۔اخبار کے مطابق سینئر حکام نے شیخ حسینہ کے اقتدار چھوڑنے سے انکار پر ان کی بہن شیخ ریحانہ کو الگ کمرے میں لے جا کر کہا کہ جا کر حسینہ واجد کو سمجھائیں کہ حالات قابو سے باہر ہو رہے ہیں لیکن شیخ ریحانہ کی بات بھی حسینہ واجد نے رد کردی۔اس موقع پر حکام نے شیخ حسینہ واجد کے بیٹے صجیب واجد جوائے کو فون کیا جو اس وقت ملک سے باہر تھے، واجد جوائے نے اس کے بعد ماں کو فون کرکے مستعفی ہونے پر راضی کیا جس پر حسینہ واجد نے شرط رکھی کہ وہ تقریر ریکارڈ کروانا چاہتی ہیں۔لیکن اسی وقت ایک بڑے مجمع کے وزیراعظم ہاؤس کی طرف مارچ کی اطلاعات آنا شروع ہوگئیں، خفیہ اداروں نے اندازہ لگایا کہ یہ مجمع 45 منٹ میں وزیراعظم ہاؤس پہنچ جائے گا، اس لئے شیخ حسینہ کو تقریر ریکارڈ نہیں کرنے دی گئی۔دوپہر اڑھائی بجے استعفے کی کارروائی مکمل ہوئی اور حسینہ واجد اپنی بہن ریحانہ کے ساتھ فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارت کیلئے روانہ ہو گئیں۔

بنگلہ دیشی اخبار کے مطابق حسینہ واجد کے ہیلی کاپٹر نے بھارتی فضائی حدود میں پہنچ کر فضا میں کچھ چکر لگائے پھر ان کا ہیلی کاپٹر اگرتلہ کے بارڈر سیکیورٹی فورس کے ہیلی پیڈ پرلینڈ کرگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وقت کے مطابق 5 بج کر 36 منٹ پر شیخ حسینہ واجد کا ہیلی کاپٹر غازی آباد کے ہندون ملٹری ائیربیس پہنچا جہاں بھارتی فوجی افسر نے ان کا استقبال کیا۔
شیخ حسینہ واجد 16 سالہ اقتدار کے نتیجے میں ملک کی طویل ترین وزیراعظم رہیں، وہ اسی سال چوتھی مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں جبکہ حسینہ واجد پر سیاسی مخالفین کے خلاف اقدامات کے الزامات بھی لگائے جاتے ہیں اور حال ہی میں ان کی حکومت نے بنگلہ دیشی جماعت اسلامی پر پابندی لگائی تھی۔