فیصل آباد میں حمایت کا دعویٰ عمران خان کا سفید جھوٹ ہے،رانا ثناء

فیصل آباد میں حمایت کا دعویٰ عمران خان کا سفید جھوٹ ہے،رانا ثناء

لاہور(آن لائن،اے این این )پنجاب اسمبلی کے رکن رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے عوام نے عمران خان کی کال کو یکسرمسترد کر دیا۔ ٹرانسپورٹروں کی طرف سے ہڑتال کی حمایت کا دعویٰ عمران خان کا ایک اور سفید جھوٹ ہے۔ عمران خان جان لیں ان کے ساتھ کوئی نہیں چلنا چاہتا۔ وہ سیاسی تنہائی کا شکار ہو چکے ہیں۔ رانا ثناءاللہ خاں نے کہا کہ تاجر برادری کو کاروبار کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تاجروں کو ہراساں کرنے والے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے‘ احتجاج اور جلسے جلوس کی سیاست ملکی معیشت کے لئے زہرقاتل ہیں۔ دھرنوں کی وجہ سے کاروباری برادری اور دیہاڑی دار مزدور مشکلات کا شکار ہیں۔ شہروں اور ملک کو بند کرنے والوں کو اپنے افکار اور خیالات پر نظرثانی کرنا ہو گی۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری نے ہڑتال کی کال مسترد کر کے حب الوطنی اور دانشمندی کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ذاتی ضد اور انا کی سیاست میں ملکی مفادات کو یکسر فراموش کر بیٹھے ہیں۔ لندن پلان‘ پلان اے اور پلان بی کے بعد پلان سی بھی ناکامی سے ہمکنار ہو گا۔

رانا ثناءاللہ

مزید : صفحہ آخر