اللّٰہ کی حاکمیت تسلیم کئے بغیر کامیابی کا راستہ نہیں مل سکتا ،رانا مشہود

اللّٰہ کی حاکمیت تسلیم کئے بغیر کامیابی کا راستہ نہیں مل سکتا ،رانا مشہود

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)وزیر تعلیم و امور نوجواناں پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لئے ہماری نوجوان نسل احکام ربانی کی بجا آوری اور اسوہ حسنہ پر عمل پیراہو کر اپنی شخصیت کی کردار سازی پر توجہ دے اور پاکستان میں قائد اعظم کے سنہری اصولوں ”ایمان، اتحاد ، نظم و ضبط“ پر کاربندہو کر اپنے وطن کو دنیا کے آئیڈیل ملک میں تبدیل کر دیں۔ ایوان اقبال لاہور میں گزشتہ روزآل پاکستان تقریری مقابلوں میں نمایاں رہنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ دنیا داری کے ہر کام میں اللہ تعالی کی حاکمیت تسلیم کئے بغیر ہمیں کامیابی کا راستہ نہیں مل سکتا -اخلاقی اقدار سے عاری جو لوگ اقتدار کی ہوس میں نوجوانوں کو گمراہ کر کے انہیں فساد کی طرف دھکیل رہے ہیں، وہ خدا کا خوف کریں - ہر نوجوان میں حق بات کہنے کی جرات ہونی چاہیے لیکن خیر اور بھلائی کے لئے بڑوںکے ادب واحترام کو ہمارے نوجوانوں کی شخصیت کا لازمی حصہ بنانا ہو گا- انہوںنے کہا کہ دنیا آج گلوبل ویلج بن چکی ہے اور وہی لوگ عملی زندگی میں کامیاب ہو سکتے ہیں جنہیں اپنی ذات پر اعتماد ہو، اپنی قوت اظہار کا سلیقہ ہو اور دوسروں کے دلوں میں گھر کرجانے کی صلاحیت رکھتے ہوں - یہ تمام اوصاف دوران تعلیم ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے کر ہی پیدا کئے جا سکتے ہیں- نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رفیق احمد ، ماہرین تعلیم ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل اور عامر محمود چیمہ نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا- دریں اثناءوزیر تعلیم پنجاب نے نوجوانوں کی آرگنائزیشن ”یوتھ ایڈووکیسی نیٹ ورک“ کے زیراہتمام والنٹیئرز کے پانچ روزہ تربیتی پروگرام ”کارواں“ کی اختتامی تقریب میں تربیت مکمل کرنے والے رضاکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر نے یوتھ ایڈووکیسی نیٹ ورک کے صدر فصاحت الحسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر قیصر رونجا اور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ایڈووکیٹس فار یوتھ عروج ارشاد کے علاوہ کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاور سے تعلق رکھنے والے نوجوان رضاکاروں کی مختلف تجاویز کے حوالے سے ان کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کی یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کے صدر چوہدری سہیل عامر کو کانفرنس کے انتظامات کا عمومی انچارج مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا -

 رانا مشہود

مزید : صفحہ آخر