متاثرین وزیرستان کی واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت

متاثرین وزیرستان کی واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت

                                   پشاور(اے این این)چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب اور خیبر ون کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کی واپسی کی تیاریاں شروع کی جائےں، متاثرین کی باعزت واپسی ہماری پہلی ترجیح ہے ، آپریشن میں شریک فوجی افسروں اور جانوں کی قربانیاں عزم اور حوصلہ قابل تحسین ہے ۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اطلاع کے مطابق ہفتہ کی شام جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے ان کا استقبال کیا ۔جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فوجی آپریشنز کا جائزہ لیا اور انہیں آپریشن کے اگلے مراحل سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔ آرمی چیف نے ضرب عضب اور خیبر ون آپریشنز میں اب تک کی پیشرفت اور کامیابیوں پر مکمل اطمینان کا اظہارکیا اور آپریشنز میں شریک فوجی افسروں اورجوانوں کی قربانیوں کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے بہادری کی نئی داستانیں رقم کی ہیں ، افسروں اور جوانوں کا حوصلہ اور عزم قابل تحسین ہے ۔آرمی چیف کو شمالی وزیرستان کے عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے افراد کی واپسی اور بحالی کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی ۔جنرل راحیل شریف نے منصوبہ بندی کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی گھروں کو واپسی اولین ترجیح ہے ۔ انہوںنے تمام متعلقہ حکام کو متاثرین کی واپسی کے مرحلے کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی ، آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری ایک اور بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، دتہ خیل سے آگے دہشت گردوں کیخلاف مﺅثر کارروائیاں کی جارہی ہیں جن میں ملکی ساختہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے ، پاک فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان ہورہا ہے ۔بیان کے مطابق خیبر ایجنسی میں اب تک 400سے زائد دہشت گرد ہتھیار ڈال چکے ہیں۔

مزید : صفحہ اول