شہباز شریف کا مقررہ نرخوں پر گنا نہ خریدنے والی شوگر ملوں کیخلاف کاروائی کا حکم

شہباز شریف کا مقررہ نرخوں پر گنا نہ خریدنے والی شوگر ملوں کیخلاف کاروائی کا ...

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور حکومت صوبے میں امن عامہ کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اورکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنا جائے گااورکسی کو زبر دستی کاروبار بند کرانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدام کیے جائیں اورزبردستی کاروبار بند کرانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اورشر پسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے ۔ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے شہر بند کرانے کی احتجاجی کال پر بھی غورکیاگیا۔ وزیر مملکت پانی و بجلی عابدشیر علی،ایم این اے حمزہ شہباز،ترجمان حکومت پنجاب زعیم حسین قادری، ایم پی اے رانا ثناء اللہ ، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز داخلہ، اطلاعات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے کے ڈویژنل کمشنرز اوراضلاع کے ڈی سی اوز کوسخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوگرملوں کوہر صورت پنجاب کے کاشتکاروں سے گنے کی خریداری مقررکردہ نرخوں پریقینی بنائی جائے اورشوگر ملوں کی جانب سے کاشتکاروں سے گنے کی خریداری کاسلسلہ کسی قیمت پربندنہیں ہونا چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کاشتکاروں سے مقرر کردہ نرخوں پر گنے کی خریداری نہ کرنے والی شوگرملوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مقررکردہ نرخوں پرکاشتکاروں سے گنا نہ خریدنے والی شوگر ملوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اورمقررکردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنیوالے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہوں گے اورمیں کسی بھی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔گنے کی مقرر کردہ نرخوں میں کسی صورت کمی نہیںآنے دی جائے گی اوراس ضمن میں حکومت ہر اقدام اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس ضمن میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کمشنرز اور ڈی سی اوز کو مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں سے مقرر کردہ نرخوں پر گنے کی خریداری کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔

مزید : صفحہ اول