القاعدہ کا اہم کمانڈر عدنان الشکری جمعہ ساتھی سمیت ہلاک ایک جوان شہید

القاعدہ کا اہم کمانڈر عدنان الشکری جمعہ ساتھی سمیت ہلاک ایک جوان شہید

                              راولپنڈی/وانا ( آئی این پی ) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ، آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے شمالی وزیرستان سے جنوبی وزیرستان بھاگنے والا القاعدہ کا اہم کمانڈر عدنان الشکری جمعہ ساتھی سمیت مارا گیا ، آپریشن میں پاک فوج کا جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا ، زخمی جوان کو قریبی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کامیابی آپریشن پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سرزمین پر تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے ، دہشت گردوں کو کہیں بھی چھپنے کا موقع نہیں دیں گے ۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر جنوبی وزیرستان کے علاقے شین ورسک میں ایک مقامی کمپاﺅنڈ پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں وہاں پر موجود القاعدہ کا اہم ممبر عدنان الشکری الجمعہ اپنے ایک ساتھی سمیت مارا گیا ، القاعدہ کا اہم کمانڈر آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے شمالی وزیرستان سے بھاگ کر جنوبی وزیرستان پہنچا تھا جہاں پر اسے ایک مقامی سہولت کار نے پناہ دی۔عدنان الشکری جمعہ القاعدہ قیادت کا اہم ساتھی اور القاعدہ کے بیرونی آپریشنز کا سربراہ تھا ۔عدنان الشکری کے سرکی قیمت 50لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی ۔ چھاپے کے دوران پاک فوج کا ایک جوان جام شہادت نوش کرگیا جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔ زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر ان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آپریشن کرنیوالی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام دہشت گردوں کا پیچھا کرکے ملکی سرزمین سے ان کا خاتمہ کیا جائے گا ، انہیں کہیں بھی چھپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا ۔

مزید : صفحہ اول