وزیر اعلٰی کی میو ہسپتال متوقع آمد ،پیرامیڈکس سمیت دیگر تنظیموں کا احتجاج کا فیصلہ

وزیر اعلٰی کی میو ہسپتال متوقع آمد ،پیرامیڈکس سمیت دیگر تنظیموں کا احتجاج کا ...

لاہور(جاوید اقبال) وزیر اعلیٰ پنجاب کی میوہسپتال آمد کے موقع پر بھرپور احتجاج کے لئے پنجاب پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن، پیرا میڈیکل الائنس، پیرا میڈیکل سپورٹ سٹاف ، ایپکا اور وائی ڈے اے نے ’’اتفاق‘‘ کر لیا ہے مذکورہ تنظیموں نے فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی میوہسپتال میں متوقع آمد کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا اور ان کی آمد پر بھرپور انداز میں احتجاج کیا جائے گا اور ان کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مذکورہ ایسوسی ایشنوں نے ایک دوسرے سے رابطے شروع کردیئے ہیں اور تباہ کاریاں بھی شروع کر دی ہیں اس سلسلے میں تنظیموں نے اپنے مختلف عہدیداروں کی قیادت میں مختلف گروپس تشکیل دے دیئے ہیں جو وزیر اعلیٰ کی آمد پر اچانک مختلف وارڈوں سے نمودار ہونگے اور وزیر اعلیٰ کے سامنے اور ان کے راستے میں لیٹ کر سینہ کوبی کریں گے، جس کی تصدیق پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید چوہان اور صوبائی صدر یوسف بلا نے کر دی ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اور مشیر صحت گزشتہ کئی سالوں سے ان کے مطالبات پورے کرنے کی بجائے انہیں سبز باغ دیکھا رہے ہیں اور 7سالوں سے تنظیمیں سڑکوں پر ہیں گریڈ 1سے 4تک کے ملازمین کا سروس سٹریکچر پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔ کنٹریکٹر اور ورک چارج ملازمین کو ریگولر نہیں کیا جا دیا ، جو ورک چارج ملازمین کئی کئی سالوں سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور زائد العمر ہو چکے ہیں انہیں ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے جس کا وعدہ وزیر اعلیٰ خود کر چکے ہیں مگر وعدہ پورا نہیں ہو سکا، لہٰذا وہ وزیر اعلیٰ کی میوہسپتال ممکنہ آمد کے موقع پر بھرپور احتجاج کریں گے اور وزیر اعلیٰ کا گھیراؤ بھی کرنا پڑا تو اسی سلسلے میں باز نہیں آئیں گے ان کی گاڑی کے سامنے لیٹ کر احتجاج کیا جائے گا۔صوبائی صدر یوسف بلا چیئرمین جاوید چوہا ن نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ تمام تنظیموں سے رابطے مکمل کر لئے ہیں اور احتجاج کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں وزیر اعلیٰ یا مطالبات پورے کریں گے یا وہ ان کی موجودگی میں خودکشیاں کریں گے اس حوالے ان کا کہنا تھا کہ اس میں وائی ڈی اے اور دیگر تنظیموں سے رابطے جاری ہیں جبکہ مشیر صحت خواجہ سلیمان رفیق کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ اگر میوہسپتال آتے ہیں تو احتجاج کا کسی کو حق حاصل نہیں ہے پیرا میڈیکل ساٹف کے مطالبات پورے کئے جا رہے ہیں اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1