آسیہ اندرابی کی نوہٹہ اور پانپور میں کمسن طالب علموں کی گرفتاری کی مذمت

آسیہ اندرابی کی نوہٹہ اور پانپور میں کمسن طالب علموں کی گرفتاری کی مذمت

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کئی کمسن طالب علموں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ان بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک بیان میں آسیہ اندرابی نے کہا کہ بھارتی پولیس نے نہ صرف نوہٹہ میں نوجوان طلباء کو گرفتارکیا ہے بلکہ پانپور میں ایک گاڑی میں سوار6 معصوم بچوں کو بھی گرفتار کرکے نوہٹہ تھانے میں نظربندکیا گیاہے جہاں جگہ تنگ پڑنے کے بعد ان کو خانیار تھانے میں منتقل کیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس نے ان بچوں کو امتحان دینے سے بھی روک دیا ہے اور پولیس حکام نے ان کے اہل خانہ کو واضح الفاظ میں کہا کہ ان بچوں کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آسیہ اندرابی نے کہا کہ سیمپور پانپورسے گرفتار کئے گئے مطیب، عمران،عادل ،پرویز ،عزیراور تابش طالب علم ہیں اور سنیچر کومطیب کو پریکٹیکل کے امتحان میں شامل ہونا تھا لیکن اس کو اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے ان طلباء پر اتنا تشدد کیا ہے کہ وہ کھڑا ہونے کے قابل نہیں ہیں۔

مزید : عالمی منظر