افغانستان، ڈرون حملے میں داعش کے 6جنگجو ہلاک، 12سالہ خودکش بمبار نے گرفتاری دیدی

افغانستان، ڈرون حملے میں داعش کے 6جنگجو ہلاک، 12سالہ خودکش بمبار نے گرفتاری ...

کابل(آئی این پی )افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 6 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ 12 سالہ خودکش بمبار نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد گروپ کی تازہ ترین ہلاکتیں ضلع ایچن میں فضائی حملے کے نتیجے میں سامنے آئی ہیں۔صوبائی گورنر کے ترجمان عطاللہ کھوگیانی کا کہنا ہے کہ فضائی کاروائی ہفتے کو رات گئے کی گئی ۔ننگرہار افغانستان کے شورش زدہ صوبوں میں شامل ہے جہاں حکومت مخالف مسلح عسکریت پسندگروپ مختلف اضلاع میں سرگرم ہیں۔ادھر شمالی صوبہ سرائے پل میں 12 سالہ خودکش حملہ آور نے خودکو پولیس کے حوالے کردیا۔حکام کا کہنا ہے کہ 12سالہ خودکش حملہ آور بچہ دہشتگردوں کے خودکش بمبار تیار کرنے والے ٹریننگ کیمپ سے فرار ہوکر پولیس کے پاس پہنچ گیا۔بچے کا کہنا تھاکہ اسے گزشتہ تین ماہ سے خودکش بمبار بننے کی تربیت دی جارہی تھی ۔

مزید : عالمی منظر