یمن، جنیوا مذاکرات کا دوسرا دور 15 دسمبر کو ہو گا

یمن، جنیوا مذاکرات کا دوسرا دور 15 دسمبر کو ہو گا

صنعاء(آئی این پی )یمن کے معاملے پر جنیوا مذاکرات کا دوسرا دور 15 دسمبر کو ہو گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عبدالملک المخلافی نے کہا ہے کہ جنیوا مذاکرات کا دوسرا دور رواں مہینے کی پندرہ تاریخ ہو گا۔المخلافی نے حوثی ملیشیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی حماقت کے ارتکاب سے گریز کریں جس کے نتیجے میں متوقع جنیوا مذاکرات تعطل کا شکار ہوں اور صدر عبدربہ منصور ھادی کی قیام امن اور یمنی عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوششیں رائیگاں چلی جائیں۔ المخلافی نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2216 سے متعلق مذاکرات 15 دسمبر سے ہوں گے۔ انہوں نے یو این سیکیورٹی کونسل کی محولہ بالا قرارداد کی اس شق کا خصوصیت سے ذکر کیا جس میں حوثیوں پر زور دیا تھا کہ وہ تمام بڑے شہروں سے نکل جائیں۔یمن کے لئے یو این سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ نے صدر منصور ھادی سے عدن میں ملاقات کے بعد آنے والے دنوں میں مذاکرات کے حوالے سے مثبت امید کا اظہار کیا ہے۔

مزید : عالمی منظر