پاک بھارت تعلقات میں بڑی پیشرفت :بنکاک میں دوول ،جنجوعہ رازو نیاز

پاک بھارت تعلقات میں بڑی پیشرفت :بنکاک میں دوول ،جنجوعہ رازو نیاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بنکاک(اے این این)پاک بھارت تعلقات میں اچانک بریک تھرو،بنکاک میں پاک بھارت قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات میں مسئلہ کشمیر،کنٹرول لائن پر کشیدگی ختم کرنے ،دہشت گردی اور خطے میں امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مثبت عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ،تعمیری ماحول میں ہونے والی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔اس ملاقات میں قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ کے ساتھ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی تھے جبکہ بھارتی مشیر اجیت دوول کی معاونت بھارت کے سیکرٹری خارجہ نے کی۔ ملاقات کے بعد جاری کئے جانے والے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کے درمیان پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر غیر رسمی مختصر ملاقات میں کیاگیا تھا ۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں امن و سلامتی ، دہشت گردی د، مسئلہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پرسیزفائر سمیت دیگر امور پر گفتگوہوئی ۔بیان میں مزید کہاگیاہے کہ دونوں سیکرٹریز خارجہ کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں تعمیری بات چیت ہوئی ۔ملاقات میں جنوبی ایشیا میں امن و استحکام ،خوشحالی اور ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور بھارتی ہم منصب اجیت دوول کے درمیان ملاقات کے حوالے سے دفتر خارجہ سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں بنکاک میں ملاقات کی تصدیق کی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مذاکرات میں دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹرز نے بھی شرکت کی۔ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ ملاقات تعمیری اور مثبت ماحول میں ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر، سرحدوں پر کشیدگی کے خاتمے، خطے میں امن و استحکام اور دہشت گردی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ سلامتی کے مشیروں کی ملاقات میں مثبت عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔مشیروں کی اس ملاقات کو دونوں ملکوں کے سیاسی اور سفارتی حلقوں نے بڑا بریک تھرو قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور نریندر مودی کی مختصر ملاقات ہوئی تھی جب کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے 8 دسمبر کو اسلام آباد آرہی ہیں۔

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)کانگریس نے بنکاک میں پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کے حوالے سے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار کی پاکستان کے حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہے ،ادھر بی جے پی رہنما نلن کوہلی نے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی ۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے رہنما منیش تہواری نے بنکاک میں پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کو خفیہ ملاقات قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک بڑا دھوکہ ہے ،مودی سرکار کی پاکستان کے حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہے ۔دوسری جانب بی جے پی رہنما نلن کوہلیکاکہنا تھاکہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی

مزید :

صفحہ اول -