عمران خان وزیر اعظم بنے تو ایک گھنٹہ بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ،شاہ فرمان

عمران خان وزیر اعظم بنے تو ایک گھنٹہ بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ،شاہ فرمان

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان نے کہاہے کہ مرکز میں قائم نواز شریف کی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کو پاکستان تحریک انصاف سے متنفر کرنے کے لیے جان بوجھ کر گیس اور بجلی کے سلسلے میں اپنے حقوق سے محروم رکھ رہی ہے مگر عوام باشعور ہوچکے ہیں ۔اُنھوں نے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات میں عوام نے پی ٹی آئی کو مرکز میں حکومت بنانے کا موقع دیا اور عمران خان وزیراعظم بنے تو پورے ملک میں دن میں ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی نہیں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے اتوارکے روز اپنے حلقہ نیابت پی۔کے۔10 کے علاقوں دروازگئی اور ٹُکر خیل میں شمولیتی تقریبات سے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ثمین الحق ، حاجی عبدالغفار،مُحسن شاہ، ماسٹر حاجی محمد گل سمیت درجنوں افراد نے اپنے خاندانوں سمیت پی ۔ٹی ۔آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پارٹی چےئر مین عمران خان ، صوبائی وزیر آبنوشی شاہ فرمان، پارٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر جمال ناصر ، انجینئر قادر نواز اور شفقت اسلام پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آبنوشی شاہ فرمان نے کہا کہ اُنھوں نے کوہ دامان کو سرسبز و شاداب بنانے ، یہاں کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے اور یہاں کے زمینداروں کو خوشحال بنانے کے لیے زرعی زمینوں پر زیتون کے پودے لگانے کے کئی اہم منصوبے شروع کردےئے ہیں ۔ اُنھوں نے کہا کہ کوہ دامان کے ہر یونین کونسل کو پانچ ، پانچ شمسی ٹیوب ویل فراہم کردئیے گئے ہیں جبکہ متنی یونین کونسل میں سات شمسی ٹیوب ویل نصب کیے جائیں گے۔ شاہ فرمان نے کہا کہ حلقہ پی۔کے۔10 میں تین ڈیموں پر بند باندھنے کے لیے دو کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جس کی پلاننگ کے لیے محکمہ آبنوشی کے حکام کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں اور وہ جلد اس پرکام شروع کردیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر