آرمی چیف کے بھائی میجر شبیر شریف شہید کا44واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا

آرمی چیف کے بھائی میجر شبیر شریف شہید کا44واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے ...

لاہور(اے این این )ملک کا اعلی ترین فوجی اعزازنشانِ حیدرپانیوالے قوم کے عظیم سپوت اور آرمی چیف کے بھائی میجر شبیر شریف شہیدکے44ویں یومِ شہادت پرلاہورمیں ان کے مزار پر ایک پروقارتقریب ہوئی،آرمی چیف کی جانب سے شہید کے مزار پر پھول چڑھائے گئے جبکہ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو 1971کی پاک بھارت جنگ میں ملکی دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے میجر شبیر شریف شہید کا 44واں یومِ شہادت پرقبرستان میانی صاحب میں شہید کے مزارپر پروقار تقریب ہوئی،فرنٹئر کور کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔جی او سی مری میجر جنرل کلیم آصف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مزارپرپھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی،اس موقع پرشہید کی بہن نجمی کامران کاکہناتھاکہ ملک کی خدمت اسی جذبے کیساتھ کی جانی چاہئے،جس جذبے کے تحت میجرشبیر شریف شہیدنے جان قربان کی۔میجر شبیرشریف شہیدکے صاحبزادے تیمورشریف نے کہا کہ ان کے والدنئی نسل کے رول ماڈل ہیں۔تقریب میں موجودمیجر شبیرشریف شہیدکے ساتھیوں نے بھی ان کی یادیں تازہ کیں۔28اپریل1943کو گجرات کے قصبے کنجاہ میں آنکھ کھونے والے میجر شبیر شریف شہیدکا تعلق بہادروں اور دلیروں کے خاندان سے ہے،ان کے ماموں میجر راجہ عزیزبھٹی شہیدبھی نشانِ حیدرپانے والوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے پاک فوج کے 3 اعلی ترین اعزازبھی حاصل کئے۔ میجر شبیر شریف نے بطورکیڈٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے اعزازی شمشیر حاصل کی، 1965 کی پاک بھارت جنگ میں بہادری سے دشمن کا مقابلہ کربنے پر ستارہ جرات اور 1971 کی جنگ میں ملک کا سب سے اعلی عسکری اعزاز نشانِ حیدر حاصل کیا۔میجر شبیر شریف شہید نے 1971 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، ان کی قیادت میں سلیمانکی سیکٹر میں فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کو اونچے بند پر قبضہ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، میجر شبیرشریف نے اس معرکے میں دشمن کے 43 سپاہیوں کو ہلاک کیا اور28 قیدی بنالئے اس کے علاوہ دشمن کے 4 ٹینک بھی تباہ کئے، 6 د سمبر 1971 کو دشمن کے حملے کا دفاع کرتے ہوئے میجرشبیرشریف اینٹی ائر کرافٹ گن سے دشمن کے ٹینکوں پر گولہ باری کر رہے تھے کہ دشمن کے ٹینک کا ایک گولہ انہیں لگا اور وہ شہید ہو گئے۔

مزید : کراچی صفحہ اول