تحریک انصاف مقبولیت کھورہی ہے، کسی جماعت کو خوفزدہ ہونیکی ضرورت نہیں: جاوید ہاشمی

تحریک انصاف مقبولیت کھورہی ہے، کسی جماعت کو خوفزدہ ہونیکی ضرورت نہیں: جاوید ...

ملتان(سٹاف رپورٹر)سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنی ہی غلط پالیسوں کی وجہ سے عوام میں مقبولیت کھو رہی ہے ۔کسی جماعت کو پی ٹی آئی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے تحریک انصاف کو ختم کرنے کے لیے خودعمران خان ہی کافی ہیں ۔ عمران خان سرمایہ داروں سے مشورہ لینے کی بجائے عوامی مشاورت سے کام لیں۔ ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا شور مچانا پی ٹی آئی کا قومی نعرہ بن چکا ہے ۔ملتان پی ٹی آئی کا گڑھ تھا مگر افسوس بلدیاتی الیکشن میں صرف 14سیٹیں ہی لے سکی۔خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی صرف 9اضلاع میں حکومت بنا سکی ۔ بلدیاتی انتخابات کی سیاست سے دور رہا ۔ میرے داماد زاہد بہار ہاشمی کے مقابلے میں (ن) لیگ ، پی ٹی آئی ودیگر امیدوار کھڑے تھے پھر بھی صرف 9ووٹوں سے وہ ہارے۔ ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی سب قومی جماعتیں ہیں انکا قومی کردار ہمیشہ رہنا چاہیے ۔بلدیاتی سطح پر اب حکومت کو ہر صورت میں اختیار ات نچلی سطح پر منتقل کرنا ہونگے ۔ہر صوبہ کو منی صوبے کا درجہ دینا ہوگا۔اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان جلد کرونگااور جلد سیاست میں اپنا بھرپور کردار ادا کرونگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو بھاری اکثریت ملنا اس بات کا مظہر ہے کہ عوام حکومتی پالیسیوں پر اعتبار کر رہے ہیں ۔یوسی سطح پر بھی الیکشن ہارنے پر دھاندلی کا شورمچا کہ پی ٹی آئی والے عوام کو بد ظن کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرے داماد زاہد بہار ہاشمی نے چیئر مین کے الیکشن میں حصہ لیا مگر میں نے اس کیلیے کسی سے ووٹ نہیں مانگا پھر بھی میرے نام سے منسوب کر کے بڑی بڑی خبریں چلا دی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی پولنگ میں بھی مسلم لیگ(ن) کا بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنا انکی بڑی کامیابی ہے ۔ پی ٹی آئی کے اپنے سروے میں ملتان کو پی ٹی آئی کا گڑھ قرار دیا گیا تھا ۔یہاں سے انکے 2ایم این ایز موجود ہیں مگر پھر بھی وہ شہر سے محض 14سیٹیں ہی حاصل کر سکی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس پر پاکستان میں درج ہونے والے مقدمات سے متعلق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جو بھی اقدام اٹھائیں ہیں سوچ کر ہی اٹھائے ہونگے اس پر میں مزید کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے ہر میئر کو معطل کرنے کا اختیار اپنے پاس رکھا ہوا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔ایک اور سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے تھے اس لیے انکا نظام ٹھیک نہیں تھا ۔

مزید : ملتان صفحہ اول