بلدیاتی الیکشن کے نتائج نے عام انتخابات 2013کی شفافیت کی توثیق کردی: شہباز شریف

بلدیاتی الیکشن کے نتائج نے عام انتخابات 2013کی شفافیت کی توثیق کردی: شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ(ن)کے امیدواروں کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج نے عام انتخابات 2013ء کی شفافیت کی توثیق کر دی ہے اور بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں بھی خدمت ،دیانت ،امانت ،محنت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ عوام نے ترقی کے مخالفوں کو مسترد کردیاہے اورعام انتخابات 2013میں نام نہاد دھاندلی کا شور مچانے والوں کو اب اپنی پے درپے شکستوں سے سبق سیکھ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی حالت بدلنے کے منصوبوں میں روڑے اٹکانے والوں کو عوام نے بلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل میں رد کرکے آئینہ دکھا دیاہے اورباشعور عوام نے ووٹ کی طاقت سے ثابت کیاہے کہ وہ الزام تراشی ، جھوٹ، منافقت اور ہٹ دھرمی کی سیاست سے نفرت کرتے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی کا پیغام یہی ہے کہ عوام اپنے مسائل کا حل اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کر کے توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کا پیغام دیا ہے اوربلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل کے نتائج نے 2013ء کے عام انتخابات کی شفافیت کی توثیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل میں عوام نے نواز شریف حکومت کی پالیسیوں کے حق میں فیصلہ دیا ہے جو اس امر کابین ثبوت ہے کہ عوام ملک میں جمہوریت کا فروغ اور جمہوری اداروں کا استحکام چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی پارٹی قیادت سے عوام کی والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ بلدیاتی نتائج نے ثابت کیا ہے کہ عوام احتجاجی اورانتشارکی سیاست کو کسی طورپر پسند نہیں کرتے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پرامن اور خوشحال پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کی ترقی کے مشن کی تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ پاکستان کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار عوام کی خدمت میں جت جائیں۔ پارٹی کے کامیاب امیدوار عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کر دیں اور عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بلدیاتی الیکشن کے تیسرے اورآخری مرحلے کے دوران صوبے کے 12 اضلاع میں پرامن ماحول میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم‘ متعلقہ اداروں کی محنت و جانفشانی کے باعث پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا جس پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ و پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم نے پولنگ ڈے پرامن فضا یقینی بنانے کیلئے شبانہ روز محنت کی اورامن عامہ برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ،بلاشبہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا کریڈٹ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں اور محکموں کیساتھ وفاقی اداروں نے بھی سازگار ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پرامن ماحول یقینی بنانے کے حوالے سے مثالی اقدامات کئے جس پر میں تمام متعلقہ حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے باعث پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کاتیسرااورآخری مرحلہ بخیروخوبی اختتام کو پہنچا ، پوری ٹیم نے انتہائی تندہی سے فرائض سرانجام دیئے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے جو کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ پنجاب حکومت کے موثر اور بروقت اقدامات کے باعث نہ صرف اسلحہ کی نمائش کرنیوالوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی گئی بلکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا گیا۔ صوبے میں قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے باعث 12اضلاع میں پرامن انداز میں پولنگ ہوئی اور ووٹرز نے پرامن انداز میں حق رائے دہی استعمال کیا۔

مزید : ملتان صفحہ اول