تفتیشی افسر کی غیر حاضری، عدالت نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو توہین عدالت کا نوٹس بھیج دیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ نوٹس کالعدم القاعدہ کے دو ملزمان کے کیس میں تفتیشی افسر کو پیش نہ کرنے پر جاری کیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر انسپکٹر شبیر حسین گزشتہ 2 مہینے سے غیر حاضر تھا اور بار بار طلب کرنے پر بھی عدالت پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔
واضح رہے کہ ملزمان بنارس اور معاذ کو دھماکہ خیز مواد رکھنے اور پولیس مقابلے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان دونوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی گارڈن میں مقدمہ درج ہے۔