دبئی کی فیکٹری میں آتشزدگی ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے کا لگژری گاڑیوں کا شوروم بھی متاثر ، کوئی شدید زخمی نہیں:حکام

دبئی کی فیکٹری میں آتشزدگی ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے کا لگژری گاڑیوں ...
دبئی کی فیکٹری میں آتشزدگی ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے کا لگژری گاڑیوں کا شوروم بھی متاثر ، کوئی شدید زخمی نہیں:حکام

  

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں شیخ زید روڈپر ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی جس سے پاکستان کے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے کا لگژری گاڑیوں کا شوروم ’ایکزوٹک کارز‘ بھی متاثر ہوا ہےتاہم سول ڈیفنس حکام کے مطابق آتشزدگی پر بڑی حد تک قابو پالیاگیاہے ۔

اماراتی میڈیا نے دبئی سول ڈیفنس حکام کے حوالے سے بتایاکہ پیر کی دوپہر کو لگنے والی آگ پر قابو پالیاگیاہے اور اس آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی شخص بھی شدید زخمی نہیں ہوا، دوسری جانب آئینی شاہدین کا کہنا ہے اس آتشزدگی سے ایگزوٹک کارزکاشوروم بھی متاثر ہواہے ۔زیرنظر تصویر میں ایگزوٹک کارز شوروم کے عقب میں آگ واضح طورپر دکھائی دے رہی ہے ۔

سول ڈیفنس کے ترجمان نے نیوزویب سائٹ ایمریٹس 24/7کو بتایاکہ اُنہیں دوپہر 12بج کر 50منٹ پر شیخ زید روڈ پردواورتین انٹرچینج کے درمیان آتشزدگی کی ایک کال موصول ہوئی جس کے چند منٹس بعد ہی ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تقریباً ایک گھنٹہ پانچ منٹ بعد آگ پر قابو پالیاگیا۔ ترجمان نے بتایاکہ ابتدائی طورپر آتشزدگی کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا۔

اس سے قبل دبئی پولیس نے بتایاکہ الفتیم موٹرز کے عقب میں واقع بن ہریب فیکٹری میں آگ لگی جس کے بعد شوروم کے سامنے والی گلی بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی اور سول ڈیفنس کا عملہ آگ پر قابوپانے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔

عینی شاہدین نے بتایاکہ آتشزدگی کے بعد قریبی موجود شورومز میں سے گاڑیاں نکلوانا شروع کردی گئیں جبکہ موقع پر ہجوم اکٹھا ہوگیا جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، رضاکار متبادل راستوں پر سفر کرنے کی تجاویز دیتے رہے جبکہ کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئرکیں جن میں سیاہ دھواں واضح طورپر دکھائی دے رہاہے ۔

مزید : بین الاقوامی