آئندہ نسلوں کے تحفظ کیلئے آج بہترین فیصلے لینا ہوں گے :بان کی مون
پیرس (فیصل بن نصیر/ہارون اکرم)سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون نے کہا کہ آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لئے آج بہترین فیصلے لینا ہوں گے،کیونکہ یہ فیصلے ایک پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھیں گے،وہ پیرس میںجاری عالمی کانفرنس برائے کلائمٹ چیننج میںدنیا کے ایک سو پچاس ممالک کے وزراءاور نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر یہ پہلا موقع ہے کہ ایک مقصد کے لئے ایک سو پچاس ممالک کے سربراہان اکھٹے ہوئے ہیں، آج سے پہلے ایسی مثال کہیں نہیں ملتی،انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں کلائمٹ چینج کے حوالے سے تعاون کی لہر نظر آ ئی ہے،پرائیوٹ سیکٹر کو بھی معلوم کے کہ کاربن فضلے میں کمی کرنی ہے ، مذہبی حلقوں نے بھی پہلی بار کلائمٹ چینج کے حوالے سے آ واز اٹھائی ہے، پچاس کروڑ سے زائد لوگ دنیا بھر میں سڑکوں پر نکل کر مارچ کر رہے ہیں، سیاسی نمائندے ہونے کے ناطے اب آپ کا بھی فرض ہے کہ آپ اپنے ممالک کے سربراہان پر ایک مضبوط معاہدے کی اہمیت کو اجاگر کریں،پیرس میں جاری COP21کے اجلاس سے خطاب میں بان کی مون نے کہا کہ جب سے میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالا ہے، تب سے ہی کلائمٹ چینج کو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتا آیا ہوں ، انہوں نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ ترقی کی دوڑ میں انسان نے اپنی ہی تباہی کی ہے اور اس وقت دنیا کا ماحول اس نام نہاد ترقی کے باعث تباہی کے دھانے پر ہے، انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مالی تعاون کے زریعے غریب اور ترقی پزیر ممالک کی مدد کرنا ہو گی تاکہ وہ کلائمٹ چینج کے باعث ہونے والی تباہی سے نبرد آزما ہو سکیں،انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا جذبہ قابلِ تعریف ہے اور کسی معاہدے کی صورت میں یقیناً نوجوانوں کے لئے ملازمتوںاورکاروبار کے وسیع مواقع میسر ہوں گے،انہوں نے کہا کہ آج یہاں کئے گئے معاہدے صدیوں تک نسلوں کے لئے موئثر ہوں گے،سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ سات ارب افراد کی نظریںاپنے اور اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کے خاطر پیرس پر ہیں۔
COP21 کانفرنس کے صدر لارینٹ فیبئیوس نے کہا کہ چودہ وزراءپر مشتمل ایک کمیٹی کانفرنس میں ہونے والے مزاکرات اور مباحثوں پر نظر ثانی کے لئے تشکیل دی گئی ہے جو اپنا جائزہ جمعرات دس دسمبر تک پیش کرے گی، انہوں نے کہا کہ ایک سو پچاسی ممالک نے کلائمٹ چینج کے حوالے سے آئی این ڈی سیز پیش کئے ہیںاور اس ضمن میں جاری کانفرنس انسانیت کے لئے ایک ٹرننگ پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آئندہ جمعہ کے روز گیارہ دسمبر کو ایک بہترین معاہدہ عمل میں لا سکیں گے،
ایگزیکٹیو سیکرٹری یو این ایف سی سی سی کرسٹینا فیگرس نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دنیا بھر میںبلند کی گئی آواز کو ایکشن میں بدلنا ہے، اور اس مقصد کے لئے تاریخ نے ہمیں منتخب کیا ہے اور اگر ہم نے اس موقع کو ضائع کیا تو آنے والی نسلیں ہمارے کردار پر سوالیہ نشان اٹھائیں گی، اجلاس سے افریقی اور ایشیائی ممالک کے نمائندوں نے اپنی مشکلات اور ترقی یافتہ ممالک سے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔