پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت

پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت

  

مکرمی!بعض پاکستان دشمن عناصر پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کی ناکام کاوشوں میں مصروف ہیں۔ جب کچھ نہیں بن پاتا تو پاکستان کے خلاف اس کے تنہا ہونے کا پروپیگنڈا کرتے پھرتے ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ حکومتی خارجہ پالیسیوں اور سفارتی جدوجہد کے ساتھ اللہ تعالی کی طرف سے عطا کردہ منفرد جغرافیائی محل وقوع نے پاکستان کی افادیت کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا۔ پانسہ پلٹ سی پیک پراجیکٹ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ دشمن کی آنکھ میں بانس کی طرح کھٹکنے والا یہ منصوبہ ترقی یافتہ ممالک کیلئے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ گزشتہ دنوں روسی حکومت نے اس تاریخ ساز منصوبے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا جو کہ انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ پاکستان سے اپنے دیرینہ تعلقات میں از سر نو فعالیت اور سرگرمی لانا چاہتا ہے۔ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے تنہا ہو جانے کے تاثر کے بے بنیاد ہونے کا ایک اور ٹھوس ثبوت ہے۔ پاکستانی حکومت کو سفارتی سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھنا چاہیے اور بھارتی چالوں سے نبرد آزما رہنے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنا چاہیے۔(عشرت اختر۔۔۔۔نشتر کالونی لاہور)

مزید :

اداریہ -