کشف فاؤنڈیشن یورپین مائیکرو فنانس ایوارڈ جیتنے والا پہلا پاکستانی ادارہ

کشف فاؤنڈیشن یورپین مائیکرو فنانس ایوارڈ جیتنے والا پہلا پاکستانی ادارہ

  

لاہور(پ ر) کشف فاؤنڈیشن، جس کا شمار پاکستان کے نمایاں مائیکرو فنانس اداروں میں ہوتا ہے۔ کولکسمبرگ کی وزارت خارجہ و یورپی امور کی طرف سے یورپین مائیکروفنانس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز پہلی بار پاکستان کے کسی ادارے نے جیتا ہے۔یہ ایوارڈ کشف فاؤنڈیشن کومضافاتی علاقوں کے نجی سکولوں میں اساتذہ اور مالکان کی ٹریننگ اورقرضے کی سہولت کی فراہمی جیسی خدمات فراہم کرنے پر دیا گیا۔ پاکستان میں خصوصاً پبلک سیکٹر میں بہترین ایجوکیشن کا حصول ایک اہم مسئلہ ہے۔ جس کے نتیجے میں مناسب قیمت کے پرائیویٹ سکولوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ کشف فاؤنڈیشن کو ایک تحقیق کے بعد پتہ چلاکہ ان پرائیویٹ سکولوں کوفنانس، سکول ڈویلپمنٹ ٹریننگ اور اساتذہ کی درسی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔

چنانچہ کشف فاؤنڈیشن نے گیارہ سو سکولوں کوخدمات فراہم کیں، پینتالیس سواساتذہ اوراٹھارہ سو سکولوں کے مالکان کوتربیت دی، جس کے نتیجے میں پانچ لاکھ 70 ہزار سے زائد بچوں کو فائدہ پہنچا۔کشف فاؤنڈیشن کی بانی اور منیجنگ ڈائریکٹرمحترمہ روشانے ظفر نے کہا کہ یہ ایوارڈتعلیم کے لئے مائیکرو فنانس کی اہمیت کو تسلیم کرنے کا بہترین اظہار ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر بچے کا حق ہے کہ اسے معیاری تعلیم ملے اور کشف فاؤنڈیشن نے کم قیمت کے پرائیویٹ سکولوں میں معیاری تعلیم کے حصول کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کر نے کی ایک نئی راہ دکھائی ہے۔

مزید :

کامرس -