فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے انفارمیشن سسٹم کا آغاز کر دیا

فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے انفارمیشن سسٹم کا آغاز کر ...

  

لاہور( کامرس رپورٹر)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے انفارمیشن سسٹم کا آغاز کیا ہو اہے جس کے تحت ٹیوٹا اداروں سے ہنر سیکھنے والے نوجوان نوکری کے حصول کیلئے اپنی معلومات درج کراوا سکتے ہیں۔ٹیوٹا سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم(ایس ایل ایم آئی ایس) کا آغازرواں سال مارچ سے کر چکی ہے۔ اس ویب سائٹ پر2لاکھ82 ہزار450 نوجوانوں کے سی وی اور پروفائل اپ لوڈ ہو چکے ہیں اور انڈسٹری مالکان بھی خالی اسامیوں کی انفارمیشن اس سسٹم پر دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن عرفان قیصر شیخ نے گزشتہ روزٹیوٹاسیکرٹریٹ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، عمر فاروق، عائشہ قاضی، مقصود احمد، سرفراز انور اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ ٹیوٹا کے ایس ایل ایم آئی ایس کو ملک سطح پر خاصی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ اس مقبول ہوتی ہوئی ویب سائٹ پر 400سے 500نوکریاں دستیاب رہتی ہیں اور یہ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت2367 کمپنیوں کو رجسٹرڈ کر دیا ۔

ٹیوٹا کی جانب سے شروع کئے گئے سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم میں ٹیوٹا اداروں کے فارغ التحصیل نوجوان اور انڈسٹری فری رجسٹریشن کروا سکتے ہیں تاکہ بیروزگاروں کو روزگار کے مواقع ڈھونڈنے اور ملازمت حاصل کرنے میں آسانی ہو۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزیدکہا کہ ان اقدامات سے بے روزگاری کی شرح میں کمی اور غربت کے خاتمے میں کمی کے علاوہ ملکی معاشی ترقی میں ہنر مند افرادی قوت کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ ایس ایل ایم آئی ایس پنجاب لیبر مارکیٹ انفارمیشن ، مختلف شعبوں میں ہنر مند افراد کی دستیابی ، ٹیوٹا کے فارغ التحصیل نوجوانوں کی معلومات اور انڈسٹری میں خالی اسامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ویب پورٹل پر اقتصادی اعدادو شمارکے علاوہ روزگار اور بیروزگاری کی شرح کے بارے میں بھی معلومات میسر ہونگی۔

مزید :

کامرس -