ربیع الا ؤل میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پلان تشکیل دیا جائے،ذکر اللہ مجاہد

ربیع الا ؤل میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پلان تشکیل دیا ...

  

لاہور ( سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ ربیع الاؤل میں ملک بھر میں ا من و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکورٹی پلان تشکیل دے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پبلک سیکرٹریٹ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدری محمود الاحد ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد ، انجینئر ارشد مجید اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ربیع الا ؤل کے مبارک مہینہ کے ساتھ ہی ملک بھر میں مسلمانوں کا جوش و جذبہ قابل دید ہو جاتا ہے اورچھوٹے بڑے شہروں میں سیرت البنی ؐ کے حوالے سے پروگرامات اور محافل کے سلسلے شروع ہو جاتے ہیں جن کو پرامن بنانا اور فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال کو پرامن اور دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنا ہو گی ۔ حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر سرحدوں پر ہمارا ازلی دشمن بھارت محاذ آرائی کے لیے پر تول رہا ہے اور ملک کے اندر بیرونی ممالک کی ایجنسیاں جن میں سرفہرست بھارتی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی "را" صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرتی آرہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات کی اصل روح کے ساتھ ترویج وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے ۔ریبع الا ؤل کے مہینہ میں مسلمانوں میں جذبہ عقیدت عروج کی بلندیوں پر ہوتا ہے اس موقع پر علماء اکرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے عقیدے ، موقف اور اختلافات کے اظہار کا صحیح طریقہ اختیار کریں اور فرقہ پرستی کی لعنت کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں واحد دینی اور سیاسی جماعت ہے جو ملک کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنانا چاہتی ہے جس کے لیے جماعت اسلامی کی پوری نتظیم امیر جماعت اسلامی پاکستان

سراج الحق کی قیادت میں مصروف عمل ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -