ناکہ جات پر موجود اہلکاروں کا ٹرن آؤٹ مثالی ہونا چاہئے،ایس پی مجاہد

ناکہ جات پر موجود اہلکاروں کا ٹرن آؤٹ مثالی ہونا چاہئے،ایس پی مجاہد

  

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی مجاہدوڈولفن سکواڈ سید کرار حسین نے صوبائی دار الحکومت میں قائم مستقل داخلی و خارجی راستوں کی کارکردگی و استعدادِ کار کے حوالہ سے خصوصی جائزہ لیا،اجلا س میں تمام ناکہ جات کی فزیبلٹی کے تناسب سے ناکوں پر تعینات اہلکاروں کی پیشہ وارانہ ضروریات و کمی نفری جیسے امور زیرِ بحث آئے اور بالخصوص ناکو ں کی مجموعی کارکردگی کے ملاحظہ کے دوران غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل ناکہ انچارجوں کی سرزنش کی۔ وہ گذشتہ روز قربان لائنز میں تمام سپروائزری آفیسرز و ناکہ انچارجوں کی کارکردگی ا و رناکہ جات کی سیکیورٹی سے متعلق ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایس مجاہد سید کرار حسین نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز و دیگر سپروائزری آفیسرز پر زور دیا کہ ناکہ جات پر موجود اہلکاروں کا ٹرن آؤٹ مثالی ہونا چاہیے۔تمام اہلکاریونیفارم میں نظر آئیں ،دوران ڈیوٹی ان کے زیر استعمال اسلحہ و ایمونیشن کسی طور پر کم نہیں ہونا چاہیے۔شہریوں کے داخلی وخارجی راستوں پر سیکیورٹی کے پیش نظر فورس کی تعیناتی انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ کی جائے اور یہ اہلکار ناکہ جات کی خصوصیات اور فزیبلٹی کے حساب سے بالترتیب تعینات کیے جائیں تاکہ آنے جانے والی وہیکلز کے علاوہ مشکوک اشخاص پر بھی کڑی نگاہ رکھی جا سکے جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں خلل نہ پڑے۔ انہوں نے انچارجوں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ نرم رویہ روا رکھیں انہیں اس بات کا احساس دلائیں کہ چیکنگ اور تلاشی وغیرہ کو اپنی ہتک نہ سمجھا جائے کیونکہ اس میں شہریوں کی اپنی بھلائی اورجان واملاک کی حفاظت پنہاں ہے اور تمام تر کوششیں صرف اور صرف شہریوں کے جان و املاک کی حفاظت کیلئے کی جاتی ہیں اور اس احساس کواجاگر کریں کہ پولیس ان کے جان ومال کی اصل محافظ ہے ۔

مزید :

علاقائی -