سوئی گیس کی ٹاسک فورس نے ہربنس پورہ سے بائی پاس پکڑ لیا

سوئی گیس کی ٹاسک فورس نے ہربنس پورہ سے بائی پاس پکڑ لیا

  

لاہور(خبرنگار) سوئی گیس ٹاسک فورس نے ہربنس پورہ کے علاقہ میں ڈائریکٹ بائی پاس لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے تاریں بنانے والی فیکٹری کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن پکڑ کر منقطع کردی۔بتایا گیا ہے کہ جی ایم سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور قیصر مسعود اور چیف انجینئر عمران الطاف ساہی کی ہدایت پر ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی زیر نگرانی یو ایف جی نائیٹ ویجیلنس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر انجنیئر عطا محی الدین کی سربراہی میں ہربنس پورہ کے علاقہ مسکین پورہ میں چھاپہ مارا تو تاریں بنانے والی فیکٹری کے کمرشل میٹر سے بائی پاس لائن ڈال کر گیس چوری کی جارہی تھی،ٹیم نے میٹر منقطع کرکے اتار لیا۔ دن کے وقت یو ایف جی ٹاسک فورس نے ڈسٹری بیوشن افسر چوہدری شرافت علی کی سربراہی میں دوبارہ اسی جگہ پر چھاپہ مارا تو 4انچ قطر کی جعلی لائن بچھا کر بھی فیکٹری کو گیس چوری کرکے فراہم کی جارہی تھی۔ ٹیم نے جعلی پائپ لائن اکھاڑ کر نکال لی۔ جعلی پائپ لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے کمپنی کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔گیس چوری کے مقدمہ کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواست دے دی گئی ہے۔ ٹیم نے کماہاں کے علاقہ میں بھی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بائی پاس لائن کے ذریعے متعدد گھروں اور ایک فیکٹری کو گیس چوری بھی پکڑی گئی۔

مزید :

علاقائی -