چیئرمین ضلع کونسل ، دیوان عباس ملتان ، مظہر قیوم گوجرانوالہ ، سردار احسن اٹک اور تنویرکوٹلہ گجرات کیلئے مسلم لیگ ن کے امید وار نامزد
اسلام آباد/گجرات (آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک،بیورورپورٹ )وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ن لیگ پنجاب کے رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ راولپنڈی کے میئر سردار نسیم اوردیوان عباس بخاری ملتان اور مظہر قیوم ناہرہ گوجرانوالہ، سردار احسن علی اٹک اور چودھری تنویر کوٹلہ ضلع کونسل گجرات کیلئے چیئرمین ہونگے،ضلع کونسل فیصل آباد شہر کامیئر رانا ثنا اللہ گروپ سے ہو گا ،چکوال اورضلع کونسل فیصل آباد کے چیئرمین کے فیصلہ کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں گزشتہ روز وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت ہونے والے ن لیگ پنجاب کے اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان ،وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ ، حمزہ شہباز شریف ، پرویز ملک ،پرویز رشید ، آصف کرمانی ،اشفاق سرور ،سعود مجید سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں میئر، ڈپٹی میئر اور چیئرمین ضلع کونسل کے ناموں پر غور کیا گیا۔اس ضمن میں ن لیگ نے بڑے شہروں کے میئرز کے ناموں کو فائنل کر لیا ۔اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کیلئے سردار نسیم جبکہ میئر لاہور کے امیدواروں کی لسٹ سے خواجہ حسان کو آؤٹ کر کے کرنل(ر) شہباز اور خاتون امیدوار کے ناموں پر غور کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میئر لاہور کا اعلان وزیر اعظم (آج ) دونوں امیدواروں سے ملاقات کے بعد کریں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلا س میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فیصل آباد شہرکا میئر رانا ثنا اللہ گروپ سے ہو گا تاہم ضلع کونسل فیصل آباد کے چیئرمین کا نام فائنل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ سیالکوٹ میں خاتون امیدوار حنا ارشد وڑائچ کو چیئرپرسن ضلع کونسل نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ دیوان عباس بخاری ضلع کونسل ملتان کے چیئرمین ہونگے، دیوان عباس بخاری لیگی رہنما دیوان عاشق بخاری کے صاحبزادے ہیں جبکہ ملتان کے میئر کا فیصلہ آج رات ہو گا،اوکاڑہ ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔چکوال سے متعلق فیصلے کیلئے رہنماؤں کو (آج ) لاہور طلب کرلیاگیا ۔
امیدوار نامزد