جے للیتا کی آخری رسومات ادا وزیر اعظم سمیت لاکھوں افراد کی شرکت

جے للیتا کی آخری رسومات ادا وزیر اعظم سمیت لاکھوں افراد کی شرکت

  

چنئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی معروف سیاستدان اور تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للیتا کی مرینا بیچ پر مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ اور 21توپوں کی سلامی دے کر آخری رسومات ادا کر دی گئیں ، انہیں ان کے مربی ایم جی رام چندرن کی سمادھی کے نزدیک دفن کیا گیا، آخری رسومات ان کی قریبی ساتھی ششی کلا نٹراجن نے ادا کیں، مرینا بیچ پر اس دوران لوگوں کا ہجوم امڈپڑا، لاکھوں کی تعداد میں غمزدہ لوگوں انہیں پرنم آنکھوں کے ساتھ الوداع کیا۔بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق جے للیتا کی آخری رسومات میں پورے ہندوستان سے معروف سیاسی شخصیات اور لاکھوں افراد نے شر کت کی جن میں بھارتی صدر پرناب مکھر جی ،نریندرا مودی ،،نرملا سیتا رمن ، تامل ناڈو کے گورنر سی ودیا راؤ، نئے مقرر ہونے والے وزیر اعلی پنیرسیلوم، مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو، کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی، کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد، تامل ناڈو کانگریس کمیٹی کے صدر ایس تھرووکاراسر، ایم ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل وائیکو، کئی ریاستوں کے وزیر اعلی، بڑی تعداد میں انا ڈی ایم کے کے اراکین پارلیمان، ایم ایل اے اور کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،سڑک کی دونوں جانب ہزاروں کی تعداد میں لوگ ’’اماں‘‘ کو آخری وداعی دینے کے لئے کھڑے تھے۔یاد رہے کہ تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ اور بھارت میں ’’اماں ‘‘ کے نام سے مشہور جے للیتا کو دو روز قبل ہارٹ اٹیک ہوا تھا جس پر انہیں فوری طور پر اپولو ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا لیکن گذشتہ شب وہ انتقال کر گئیں تھیں۔مودی حکومت نے ان کے انتقال پر ایک دن کے سوگ جبکہ تامل ناڈو کی ریاستی حکومت نے 7 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

جے للیتا

مزید :

صفحہ اول -